مجلسِ عامہ
افتتاحی پیغام
مجلسِ عامہ اپریل ۲۰۲۰


افتتاحی پیغام

ہمیں ہر ممکنہ طریقے سے، یِسُوع مسِیح کو سننے، کے متلاشی ہونا ہے، جو ہم سے رُوحُ القُدس کی قدرت اور خدمت کے باعث کلام کرتا ہے۔

میرے عزیز بھائیو اور بہنو، کلیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مقدسینِ آخری ایّام کی اپریل ۲۰۲۰ کی اِس تاریخی مجلسِ عامہ میں آپ کا استقبال کرتے ہوئے میں خالی آڈیٹوریم میں کھڑا ہوں، جس کی وجوہات آپ کے علم میں ہیں!

جب میں نے اکتوبر ۲۰۱۹ میں آپ سے وعدہ کیا کہ تھا اِس اپریل کی مجلسِ عامہ ”یادگار“ اور ”ناقابلِ فراموش“ ہو گی تو مجھے معلوم نہیں تھا کہ دس لوگوں سے کم موجود سامعین سے خطاب کرنا میرے لیے اس کانفرنس کو یادگار اور ناقابلِ فراموش بنا دے گا! لیکن یہ علم کہ آپ برقی ٹرانسمشن سے شامل ہیں، اور کوائر کا خوبصورت گایا گیا ”میری روح پُر اطمینان ہے“ میری روح کو تسلی بخشتے ہیں۔

اچھے عالمگیر شہری ہونے اور کووڈ ۱۹ کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لیے اپنی دسترس میں سب کچھ کرنے کی خواہش میں جیسا کہ آپ جانتے ہیں، اس مجلسِ عامہ میں حاضرین کی موجودگی کو سختی سے محدود کیا گیا ہے۔ اس وائرس کا پوری دنیا پر گہرا اثر پڑا ہے۔ اس نے کچھ عرصہ کے لیے ہماری کلیسیائی عبادات، مشنری خدمات اور کارِ ہیکل کو بھی بدل دیا ہے۔

گو کہ آج کی پابندیوں کا تعلق زیریلے وائرس سے ہے، زندگی کی مشکلات اس وبا سے کہیں بڑھ کر ہیں۔ مستقبل کی مشکلات کسی حادثے کے نتیجے، قدرتی آفت، یا غیر متوقع ذاتی کرب کا نتیجہ ہو سکتی ہیں۔

ہم ایسی مشکلات کو کیسے برداشت کر سکتے ہیں؟ خُداوند نے ہمیں حکم دیا ہے، ”اگر تُم تیار ہو،تُم خوف نہ کھاؤ گے۔“۱ ظاہر ہے کہ جسمانی طور پر، ہم خوراک، پانی اور پیسوں کا ذخیرہ کر سکتے ہیں۔ لیکن اُتنا ہی ضروری ہے کہ ہم اپنے ذاتی روحانی ذخیرہ خانوں کو ایمان، سچائی اور گواہی سے بھریں۔

زندگی میں ہماری حتمی جستجو اپنے خالق سے ملنے کی تیاری کرنا ہے۔ ہم ایسا اپنے نجات دہندہ، یِسُوع مسِیح کی مانند بننے کی روز مرہ کی کوشش سے کرتے ہیں۔۲ اور ہم ایسا روزانہ توبہ کر کے اور اُس کی صفا و شفا اور توانا کرنے کی قدرت قبول کر کے کرتے ہیں۔ تب ہم متلاطم وقتوں میں بھی، دیرپا اطمینان اور خوشی محسوس کریں گے۔ عین اِسی مقصد کے لیے خُداوند ہم سے کہتا ہے کہ ہم مقدس مقامات پر کھڑے ہوں اور ”جنبش نہ کھائیں۔“۳

اس سال، ہم دنیا کی تاریخ کے اہم ترین واقعات میں سے ایک—یعنی خُدا باپ اور اُس کے پیارے بیٹے یِسُوع مسِیح کے جوزف سمتھ پر ظاہر ہونے کا ۲۰۰ سالانہ جشن منا رہے ہیں۔ اِس منفرد رویا میں، خُدا باپ نے یِسُوع مسِیح کی طرف اشارہ کیا اور کہا ”یہ میرا پیارا بیٹا ہے۔ اِس کی سنو!“۴

جوزف سمتھ کو کی گئی یہ نصیحت ہم سب کے لیے ہے۔ ہمیں ہر ممکنہ طریقے سے، یِسُوع مسِیح کو سننے، کے متلاشی ہونا ہے، جو ہم سے رُوحُ القُدس کی قدرت اور خدمت کے باعث کلام کرتا ہے۔

اِس اور ہر مجلسِ عامہ کا مقصد یہی ہے کہ ہم اُس کی سُنیں۔ ہم نے دعا کی ہے، اور آپ کو دعا کرنے کی دعوت دیتے ہیں، کہ خُداوند کا روح ہمارے ساتھ اِس کثرت سے ہو کہ آپ وہ پیغامات سن سکیں جو نجات دہندہ کی طرف سے خاص طور پر آپ کے لیے ہیں—وہ پیغامات جو آپ کی جان کو اطمینان بخشیں گے۔ پیغامات جو آپ کے دلِ شکستہ کو شفا بخشیں گے۔ پیغامات جو آپ کے ذہن کو منور کریں گے۔ پیغامات جو یہ جاننے میں آپ کی مدد کریں گے کہ آپ نے اپنی زندگی کے تلاطم خیز وقتوں اور آزمائشوں سے کیسے گزرنا ہے۔

ہم دعا کرتے ہیں کہ یہ کانفرنس، پیغامات کی وجہ سے جو آپ سنیں گے، منفرد اعلانات کی وجہ سے جو کیے جائیں گے اور جن تجربات میں آپ کو شمولیت کی دعوت دی جائے گی اُن کی وجہ سے آپ نے لیے یادگار اور ناقابلِ فراموش ہو۔

مثال کے طور پر، اتوار کی صبح کی نشست کے اختتام پر، ہم عالمگیر مجمعِ مقدس منعقد کریں گے جب میں ہوشعنا کے مقدس نعرے میں آپ کی رہنمائی کروں گا۔ ہم دعا کرتے ہیں کہ جب ہم عالمی یکجہتی کے ساتھ اِس منفرد طریقے سے خُدا باپ اور اُس کے پیارے بیٹے کے لیے گہرے طور پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے اُن کی پرستش کرتے ہیں تو یہ آپ کے لیے روحانی طور پر شہ سُرخی ہو گی۔

اس مقدس تجربے کے لیے، ہم صاف سفید رومال استعمال کرتے ہیں۔ اگر آپ کے پاس رومال نہیں ہے، تو آپ اپنا ہاتھ لہرا سکتے ہیں۔ ہوشعنا کے نعرے کے بعد، جماعت کوائر کے ساتھ مل کر گائے گی ”خُدا کا روح۔“۵

میرے عزیز بھائیو اور بہنو، یہ کانفرنس شاندار ہو گی۔ نجات دہندہ اور اُس کی بحال شدہ انجیل پر دھیان سے توجہ مرکوز کرتے ہوئے یہ سال غیر معمولی ہو گا۔ اِس تاریخی کانفرنس کا اہم ترین اور دور رس اثر یہ ہو گا کہ جب ہم اُس کو سننے کی تا حیات جستجو شروع کرتے ہیں تو ہمارے دل تبدیل ہوں گے۔

مجلس عامہ اپریل ۲۰۲۰ میں خوش آمدید! ہم جانتے ہیں خُدا، ہمارا آسمانی باپ، اور اُس کا بیٹا، یِسُوع مسِیح، ہمارے بارے میں باخبر ہیں۔ جب ہم اُن کے قرب اور تعظیم کے خواہاں ہوتے ہیں تو وہ اِن دو جلالی دنوں کی کاروائی میں ہمارے ساتھ ہوں گے۔ یِسُوع مسِیح کے مُقدّس نام میں، آمین۔