آ، میرے پِیچھے ہولے ۲۰۲۴
اکتوبر ۱۴–۲۰: ”تُم عہد کی اولاد ہو۔“ ۳ نیفی ۲۰–۲۶


”اکتوبر ۱۴–۲۰: ’تُم عہد کی اولاد ہو۔‘ ۳ نیفی ۲۰–۲۶،“ آ، میرے پِیچھے ہو لے—برائے گھر اور کلِیسیا: مورمن کی کِتاب ۲۰۲۴ (۲۰۲۴)

”اکتوبر ۱۴–۲۰۔ ۳ نیفی ۲۰–۲۶،“ آ، میرے پِیچھے ہو لے—برائے گھر اور کلِیسیا: ۲۰۲۴ (۲۰۲۴)

شبیہ
مسِیح نیفیوں پر ظاہر ہوتے ہُوئے

مسِیح کی نیفیوں پر ظاہر ہوتے ہُوئے تصویر، اَز اینڈریو بوسلے

اکتوبر ۱۴–۲۰: ”تُم عہد کی اولاد ہو“

۳ نیفی ۲۰–۲۶

جب آپ لوگوں کو اِسرائیل کا گھرانہ جیسی اِصطلاح اِستعمال کرتے سُنتے ہیں، تو کیا آپ محسُوس کرتے ہیں جیسے وہ آپ کے مُتعلق بات کر رہے ہیں؟ نیفی اور لامنی اِسرائیل کی حقیقی نسل تھے، ”شجرِ اِسرائیل کی شاخ،“ اور پھر بھی اُنھوں نے محسُوس کِیا کہ وہ ”اُس کے بدن سے کھو گئے“ (ایلما ۲۶‏:۳۶؛ مزید دیکھیں ۱ نیفی ۱۵‏:۱۲)۔ مگر مُنّجی اُنھیں باور کروانا چاہتا تھا کہ اُس کے لیے وہ کبھی نہیں کھوئے تھے۔ ”تُم اِسرائیل کے گھرانے کے ہو،“ اُس نے فرمایا، ”اور اُس عہد کے ہو“ (۳ نیفی ۲۰:‏۲۵)۔ آج وہ آپ سے بھی ایسی ہی بات کہہ سکتا ہے، کیوں کہ ہر کوئی جو بپتِسما پاتا اور اُس کے ساتھ عہد باندھتا ہے وہ بھی اِسرائیل کے گھرانے سے ہے، ”عہد کا ہے۔“ باالفاظِ دیگر، جب یِسُوع اِسرائیل کے گھرانے کی بات کرتا ہے، تو وہ آپ کی بابت بات کر رہا ہے۔ ”زمین کے سب قبیلوں“ کو برکت دینے کی ہدایت آپ کے واسطے ہے (۳ نیفی ۲۰:‏۲۷)۔ ”جاگ اور اپنی قُوت سے مُلبس ہو“ کی دعوت آپ کے لیے ہے (۳ نیفی ۲۰:‏۳۶)۔ اور اُس کا گِراں قدر وعدہ، ”میری شفقت کبھی تُجھ پر سے جاتی نہ رہے گی، اور نہ ہی میرا صُلح کا عہد ٹلے گا،“ بھی آپ ہی کے واسطے ہے (۳ نیفی ۲۲:‏۱۰

گھر اور کلِیسیا میں سیکھنے کے لیے تجاویز

۳ نیفی ۲۰–۲۲

ایّامِ آخر میں، خُدا ایک شان دار کام انجام دے گا۔

۳ نیفی ۲۰–۲۲ میں، نجات دہندہ نے اپنے موعُودہ لوگوں کے مُستقبل کی بابت نبُوت کی (خصوصاً دیکھیں ۳ نیفی ۲۰‏:۳۰–۳۲، ۳۹–۴۱؛ ۲۱‏:۹–۱۱، ۲۲–۲۹)۔ جب آپ یہ آیات پڑھتے ہیں، تو یاد رکھیں صدر رسل ایم نیلسن نے کیا فرمایا ہے: ”ہم خُداوند کے موعُودہ لوگوں میں سے ہیں۔ اِن وعدوں کی تکمیل میں شخصی طور پرشرکت کرنا ہمارا اعزاز ہے۔ کیسا شان دار زمانہ ہے جس میں ہم رہتے ہیں!“ (”مُنتشر اِسرائیل کا اِکٹھا کِیا جانا،“ لیحونا، نومبر ۲۰۰۶، ۷۹)۔ کون سی نبُوتیں آپ کے لیے باعثِ مُسرّت ہیں؟ آپ اِن کی تکمیل میں مدد کے لیے کیا کر سکتے ہیں؟

اِلہامی اَلفاظ اور آیات تلاش کریں۔ آپ جانیں گے کہ صحائف میں چند الفاظ اور فِقرے آپ پر اَثر انداز ہو سکتے ہیں، گویا یہ آپ کے لیے خاص طور پر تحریر کِیے گئے ہوں۔ اپنے صحائف میں اِن پر نشان لگانے یا اِنھیں مُطالعہ والے روز نامچے میں تحریر کرنے پر غور کریں۔

۳ نیفی ۲۲؛ ۲۴

خُداوند اُن لوگوں پر رحیم ہے جو اُس کے پاس لوٹتے ہیں۔

۳ نیفی ۲۲ اور ۲۴ میں، نجات دہندہ یسعیاہ اور ملاکی کے الفاظ کا حوالہ دیتا ہے جو واضح تصاویر اور موازنے سے بھرے ہیں—آگ میں کوئلے، شفاف چاندی، بیاہ، آسمان کے دریچے (خصُوصی طور پر دیکھیں ۳ نیفی ۲۲‏:۷–۸، ۱۰–۱۷ ؛ ۲۴‏:۱۰–۱۲، ۱۷–۱۸)۔ یہ موازنے آپ کو خُدا کے اپنے لوگوں کے ساتھ—اور آپ کے ساتھ اُس کے تعلقات کی بابت کیا سِکھاتے ہیں؟ اِن ابواب میں کِیے گئے وعدے آپ کی زندگی یا آپ کے خاندان کی زندگی میں کس طرح پُورے ہُوئے ہیں؟

مزید دیکھیں ”تخلیص کار کی آگ“ (ویڈیو)، گاسپل لائبریری۔

۳ نیفی ۲۳:‏۶–۱۳

رُوحانی تجّربات کو درج کرنا میرے گھرانے کو فیض یاب کر سکتا ہے۔

۳ نیفی ۲۳‏:۶–۱۳ میں آپ کو نیفی کے ساتھ مُنّجی کی بات چیت کی بابت کیا چیز مُتاثر کرتی ہے؟ اگر نجات دہندہ آپ کی درج کردہ تحریروں کی جانچ کرے، تو وہ آپ سے کون سے سوالات پُوچھ سکتا ہے؟ آپ کو کن اہم واقعات یا رُوحانی تجّربات کو درج کرنا چاہیے؟ ایسا کرنا کیوں اہم ہے؟ (دیکھیں ۳ نیفی ۲۶‏:۲

۳ نیفی ۲۳؛ ۲۶‏:۱–۱۲

مُنّجی چاہتا ہے کہ مَیں صحائف میں سے دریافت کرُوں۔

جب آپ ۳ نیفی ۲۰‏:۱۰–۱۲؛ ۲۳؛ ۲۶‏:۱–۱۲ پڑھتے ہیں، تو غَور و خَوض کریں کہ نجات دہندہ صحائف کی بابت کیسا محسُوس کرتا ہے۔ صحائف میں سے تلاش کرنے اور اُنھیں محض پڑھنے میں کیا فرق ہے؟ (دیکھیں ۳ نیفی ۲۳‏:۱

۳ نیفی ۲۴‏:۷–۱۲

شبیہ
سیمینری کا آئکن
دہ یکی دینا آسمان کے دریچے کھولتا ہے۔

خُدا کے لوگوں کو ہمیشہ دہ یکی دینے کا حُکم دِیا گیا ہے (دیکھیں پیدایش ۱۴:‏۱۷–۲۰؛ ملاکی ۳‏:۸–۱۱)۔ جب آپ ۳ نیفی ۲۴‏:۷–۱۲ پڑھتے ہیں، تو اِس بارے میں سوچیں کہ خُدا نے اپنے لوگوں کو دہ یکی دینے کا کیوں کہا ہے۔ یہ سوالات آپ کے مُطالعہ کی راہ نُمائی کر سکتے ہیں۔

  • دہ یکی کا قانُون کیا ہے؟ (دیکھیں عقائد اور عہُود ۱۱۹۔ اِس مُکاشفہ میں ”سُود“ سے مُراد آمدنی ہے۔ تمام اَرکان جِن کی آمدنی ہے اُنھیں دہ یکی دینی چاہیے۔) دہ یکی دیگر اقسام کے عطیات سے کِس طرح مُختلف ہے؟

  • دہ یکی کِس چیز کے لیے اِستعمال کی جاتی ہے؟ آپ اِنجِیلی موضُوعات ”دہ یکی“ میں جُزوی فہرست تلاش کر سکتے ہیں (گاسپل لائبریری)۔ آپ کو کن طریقوں سے برکت مِلی ہے کیوں کہ کلِیسیائی اَرکان دہ یکی دیتے ہیں؟

  • دہ یکی کے قانون کے مُوافق زندگی بسر کرنے والوں کو کون سی برکات مِلتی ہیں؟ (دیکھیں ۳ نیفی ۲۴‏:۷–۱۲)۔ آپ بزرگ ڈیوڈ اے بیڈنار کے پیغام ”آسمان کے دریچوں“ میں بیان کردہ وضاحت تلاش کر سکتے ہیں (لیحونا، نومبر ۲۰۱۳، ۱۷–۲۰)۔ خاص طور پر، اُن برکات کو دیکھیں، جو لازمی طور پر مالیاتی نہ ہوں۔ آپ نے اپنی زندگی میں یہ برکات کیسے دیکھی ہیں؟

آپ اِس ویڈیو کو بھی دیکھنا چاہیں گے جس میں ”یِسُوع بیوہ کی دمڑی کی بابت سِکھاتا ہے“ (گاسپل لائبریری)، یا مرقس ۱۲‏:۴۱–۴۴ کو پڑھیں۔ یہ کہانی آپ کو کیا سِکھاتی ہے؟

۳ نیفی ۵:۲۵–۶

خُداوند نے ایلیاہ کو بھیجا کہ وہ میرے دِل کو میرے آباؤاجداد کی طرف موڑے۔

ہمارے زمانہ میں، کارِ ہیکل اور تاریخِ خاندان کے وسیلہ سے ہمارے دِل ”[ہمارے] والدوں کی طرف مائل“ ہو جاتے ہیں۔ یہ آپ کے واسطے کیسے مُمکن ہُوا ہے؟ جب آپ ۳ نیفی ۲۵‏:۵–۶ اور عقائد اور عہُود ۱۱۰‏:۱۳–۱۶ پڑھیں، تو غور و فِکر کریں کہ یہ خُدا کے منصُوبے کا اہم حصّہ کیوں ہے۔

مزید دیکھیں ”خاندان سدا کے لیے اِکٹھے ہو سکتے ہیں،“ بچّوں کے گیتوں کی کِتاب، ۱۸۸۔

مزید تجاویز کے لیے، اِس ماہ کے لیحونا اور برائے مضبوطیِ نوجوانان رسالوں کے شُمارے دیکھیں۔

بچّوں کی تدریس کے لیے تجاویز

۳ نیفی ۲۳‏:۱، ۵

مَیں صحائف کو جاں فِشانی سے تلاش کر سکتا ہُوں۔

  • ۳ نیفی ۲۳ میں نجات دہندہ کی ہدایات ظاہر کرتی ہیں کہ صحائف اُس کی نظر میں کتنے اہم ہیں۔ اپنے بچّوں کو یہ دریافت کرنے میں معاونت کے لیے، آپ ۳ نیفی ۲۳‏:۱، ۵ کو بُلند آواز سے پڑھ سکتے ہیں اور اُن سے ایک لفظ سُننے کو کہیں جو تین بار دُہرایا گیا ہے۔ تلاش کرنا محض پڑھنے سے کیسے مُختلف ہے؟

  • شاید آپ اور آپ کے بچّے ایک پسندیدہ صحیفائی آیت لِکھ کر اور اِسے چُھپا سکتے ہیں۔ پھر آپ باری باری ایک دُوسرے کے چُھپے ہُوئے صحائف ڈھونڈنے، اُنھیں اِکٹھے پڑھنے، اور اُن کے بارے میں بات کر سکتے ہیں کہ یہ آیات کیوں معنی خیز ہیں۔

۳ نیفی ۲۴‏:۸–۱۲

دہ یکی دینا آسمان کے دریچے کھولتا ہے۔

  • اِس جُملے کو مُکمل کرنے کے طریقے تلاش کرنے کے لیے اپنے بچّوں کی ۳ نیفی ۲۴:‏۸–۱۲ میں سے ڈھونڈنے میں معاونت کریں: اگر مَیں دہ یکی دیتا ہُوں، تو خُداوند … ۔ آپ ایک ایسا تجّربہ بھی بیان کرسکتے ہیں جب آپ کو برکت مِلی کیوں کہ آپ نے دہ یکی ادا کی تھی۔ اگر یہ معاون لگے تو، چند ایک مُختلف رقُوم لِکھنے اور اپنے بچّوں کی یہ حساب کرنے میں مدد کرنے پر غور کریں کہ ہر رقم کے لیے کتنی دہ یکی (۱۰ فی صد) دینا ہوتی ہے۔

  • اِس ہفتے کا عملی سرگرمی کا صفحہ آپ کے بچّوں کو اُن طریقوں کے مُتعلق بات کرنے میں مدد دے سکتا ہے جن سے خُداوند اپنی کلِیسیا کے اَرکان کو برکت دینے کے واسطے دہ یکی اِستعمال کرتا ہے۔ وہ تصاویر بنا سکتے (یا کلِیسیائی رسائل میں تصاویر تلاش کرسکتے ہیں) اُن طریقوں کی جن سے دہ یکی اُنھیں برکت دیتی ہے۔

۳ نیفی ۵:۲۵–۶

آسمانی باپ چاہتا ہے کہ مَیں اپنے آباؤاجداد کی بابت جانُوں۔

  • آپ اپنی اولاد کو اُن کے آباؤاجداد کے مُتعلق تلاش کرنے اور جاننے کی ترغیب کیسے دیں گے؟ جب وہ بڑے ہوتے ہیں تو آپ اپنے بچّوں کی اُن کے آباؤاجداد کے واسطے رُسُوم ادا کرنے کی کس طرح حوصلہ افزائی کر سکتے ہیں؟ ایّامِ آخِر میں وقُوع پذیر ہونے والے کام کو ۳ نیفی ۵:۲۵–۶ میں سے دریافت کرنے میں اُن کی مدد کرنے پر غور کریں۔ جب آپ اِن آیات کو پڑھتے ہیں تو چھوٹے بچّے جب بھی لفظ ”دِل“ سُنیں تو وہ اپنے دِل پر ہاتھ رکھ سکتے ہیں۔ آپ اِس بارے میں بھی پڑھ سکتے ہیں کہ یہ نبُوت عقائد اور عہُود ۱۱۰‏:۱۳–۱۶ میں کیسے پُوری ہُوئی (مزید دیکھیں اِنجِیلی فنُون کی کِتاب، نمبر ۹۵)۔ اپنی اولاد کو بتائیں کہ آپ کا دِل آپ کے آباؤاجداد کی طرف کس طرح مائل ہُوا۔ مثلاً، آپ اپنے آباؤاجداد کی بابت سیکھنے اور اُن کے واسطے ہَیکلی رُسُوم ادا کرنے کے کسی بھی تجربے کا تذکرہ کر سکتے ہیں۔

  • اپنے بچّوں کی اُن کے والدین اور دادا دادی/نانا نانی کے ناموں کے ساتھ خاندانی شجر بھرنے میں معاونت کریں۔ آپ اپنے آباؤاجداد میں سے ایک کے بارے میں کون سی کہانیاں بیان کر سکتے ہیں؟ اگر مُمکن ہو تو تصاویر دِکھائیں۔ آپ اِکٹھے مِل کر گا سکتے ہیں ”خاندان سدا کے لیے اِکٹھے رہ سکتے ہیں“ (بچّوں کے گیتوں کی کِتاب، ۱۸۸) اور اپنی اولاد سے بات کریں کہ آسمانی باپ کے منصُوبے میں خاندان کیوں اہم ہیں۔

مزید تجاویز کے لیے، اِس ماہ کے فرینڈ رسالے کا شُمارہ دیکھیں۔

شبیہ
یِسُوع نیفی کے ساتھ نیفیوں کا نوشتہ پڑھتے ہُوئے

نوشتہ لے کر آؤ، اَز گیری ایل کیپ