صحائف
۱ نِیفی ۲۰


باب ۲۰

خُداوند اِسرائیل پر اپنے اِرادے ظاہر کرتا ہے—اِسرائیل مُصیبتوں کی بھٹی سے چُنے جاتے ہیں اور اُنھیں بابل سے نِکال لِیا جاتا ہے—موازنہ کریں یسعیاہ ۴۸۔ قریباً ۵۸۸–۵۷۰ ق۔م۔

۱ کان لگا اور سُن، اے یعقُوب کے گھرانے، جو اِسرائیل کے نام سے بُلائے گئے ہیں، اور جو یہُودہ کے پانیوں یا بپتِسما کے پانیوں سے نِکلے ہیں، جو خُداوند کے نام کی قسم کھاتے ہیں، اور اِسرئیل کے خُدا کا ذِکر کرتے ہیں، تاہم وہ نہ صداقت سے نہ راستی سے قسم کھاتے ہیں۔

۲ اِس کے باوجود، وہ اپنے آپ کو مُقّدس شہر کے کہلاتے ہیں، لیکن وہ اِسرائیل کے خُدا پر توکّل نہیں کرتے، جو لشکروں کا خُداوند ہے؛ ہاں، اُس کا نام خُداوند ربُّ الا فواج ہے۔

۳ دیکھ، مَیں اِبتدا ہی سے اَگلی باتوں کی خبر دے چُکا ہُوں؛ اور وہ میرے مُنہ سے نِکلیں، اور مَیں نے اُن کو ظاہر کِیا، مَیں نے اُنھیں فوراً ظاہر کِیا۔

۴ اور مَیں نے اَیسا کِیا چُوں کہ مَیں جانتا تھا کہ تُو ضدی ہے، تیری گردن لوہے کا عصب، اور تیری پیشانی پیتل؛

۵ اور مَیں اِبتدا سے تُجھے خبر دے چُکا ہُوں؛ وقوع میں آنے سے پہلے مَیں نے تُجھ پر اُنھیں ظاہر کِیا؛ اور اِس فکر کے ساتھ اُن کو ظاہر کِیا مُبادا تُو کہے—میرے بُت نے اُنھیں سرانجام دِیا ہے، اور میرے تراشے ہُوئے صنم، اور میری ڈھالی ہُوئی مُورت نے اُنھیں حُکم دِیا ہے۔

۶ تُو نے یہ سب سُنا اور دیکھا ہے؛ اور کِیا تُو اِن کا اِعلان نہ کرے گا؟ اور اب مَیں نے تُجھ پر نئی چیزیں ظاہر کی ہیں، یعنی پوشیدہ باتیں، اور تُو اُن سے واقف نہ تھا۔

۷ وہ ابھی خلق کی گئی ہیں، اور قدیم سے نہیں، بلکہ تجھ پر اُن کو ظاہر کِیا گیا تھا جنھیں آج کے دِن سے پہلےتُو نے سُنا بھی نہ تھا، مُبادا تُو کہے—دیکھ مَیں اُنھیں جانتا تھا۔

۸ ہاں، اور تُو نے نہ سُنا؛ ہاں، تُو نے نہ جانا؛ ہاں، قدیم ہی سے تیرے کان کُھلے نہ تھے؛ کیوں کہ مَیں جانتا تھا کہ اِنتہائی دغا بازی تیرا شیوہ ہے، اور رَحِم ہی سے خطا کار کہلاتا ہے۔

۹ پھر بھی اپنے نام کی خاطر مَیں اپنے غضب میں تاخیر کروُں گا، اور اپنے جلال کی خاطر تُجھ سے باز رہُوں گا کہ تُجھے کاٹ نہ ڈالُوں۔

۱۰ پَس، دیکھ، مَیں نے تُجھے صاف کِیا، مَیں نے مُصیبت کی کُٹھالی میں تُجھے چُنا ہے۔

۱۱ مَیں اپنی خاطر، ہاں، اپنی خاطر یہ کروُں گا، پَس مَیں اپنے نام کی تکفیر نہ ہونے دُوں گا، اور مَیں اپنا جلال کسی اور کے حوالے نہ کروُں گا۔

۱۲ اے یعقُوب میری سُن، اور اے اِسرائیل جو میرا بُلایا ہُوا ہے، پَس مَیں وہی ہُوں؛ مَیں ہی اوّل اور مَیں ہی آخر ہُوں۔

۱۳ میرے ہی ہاتھ نے زمِین کی بُنیاد بھی ڈالی اور میرے دہنے ہاتھ نے آسمانوں کو پھیلایا ہے۔ مَیں اُنھیں پُکارتا ہُوں اور وہ اِکٹھے کھڑے ہو جاتے ہیں۔

۱۴ تُم سب جمع ہو کر سُنو، اُن میں سے کِس نے اِن باتوں کی خبر اُن تک پُہنچائی؟ جِسے خُداوند نے پسند کِیا ہے؛ ہاں، اور وہ اُس کا کلام پُورا کرے گا جِس کا اُس نے اُن سے اِعلان کرایا ہے؛ اور وہ اُس کی خُوشی کو بابل کے متعلق عمل میں لائے گا، اور اُس کا بازو کسدیوں پر آ پڑے گا۔

۱۵ خُداوند یہ بھی فرماتا ہے؛ مَیں خُداوند، ہاں مَیں کہہ چُکا ہُوں، ہاں، مَیں نے اُسے خبر دینے کے لِیے بُلایا ہے، مَیں اُسے لایا ہُوں، اور وہ اپنی روِش میں برومند ہو گا۔

۱۶ میرے نزدیک آؤ؛ مَیں نے پوشیدگی میں کلام نہیں کِیا؛ اِبتدا ہی سے، جِس وقت سے اِس کی خبر دی گئی مَیں نے کہا؛ اور خُداوند خُدا، اور اُس کے رُوح نے مُجھے بھیجا ہے۔

۱۷ اور خُداوند، تیرا مُخلصی دینے والا، اِسرائیل کا قُدُّوس، یُوں فرماتا ہے؛ مَیں نے اُسے بھیجا ہے، خُداوند تیرا خُدا جو تُجھے مُفید تعلیم دیتا، جو تُجھے اِس راہ پر جِس پر تُجھے جانا ہے لے جاتا ہے، اُس نے اَیسا کِیا ہے۔

۱۸ کاش تُو میرے حُکموں کا شنوا ہوتا—پھر تیری سلامتی دریا کی مانِند اور تیری راست بازی سَمُندر کی موجوں کی مانِند ہوتی۔

۱۹ تیری نسل بھی ریت کی مانِند ہوتی؛ تیرے صُلبی فرزند اُس کے ذرّوں کی مانِند کثرت سے ہوتے؛ اُس کا نام میرے حُضُور سے کاٹا اور برباد نہ کِیا جاتا۔

۲۰ تُم بابل سے نِکلو، کسدیوں کے درمیان میں سے بھاگو، نغمہ کی آواز کے ساتھ تُم بیان کرو، اِس کا چرچا کرو، زمِین کے کِناروں تک خبر پُہنچاؤ؛ تُم کہو: خُداوند نے اپنے خادم یعقُوب کو مُخلصی دی ہے۔

۲۱ وہ اُن کو بیابان میں سے لے گیا اور وہ پیاسے نہ ہُوئے؛ اُس نے اُن کے لِیے چٹان سے پانی نِکالا؛ اُس نے چٹان کو چیرا اور پانی پُھوٹ نِکلا۔

۲۲ اور ہر چند اُس نے یہ سب کُچھ کِیا، اور اِس سے بھی اعلیٰ و ارفع، خُداوند فرماتا ہے، مگر بد کاروں کے واسطےسلامتی نہیں۔