صحائف
یعقُوب ۳


باب ۳

پاک دِل خُدا کا خُوش کُن کلام قبُول کرتے ہیں—لامنوں کی راست بازی نِیفیوں کی راست بازی سے بڑھ جاتی ہے—یعقُوب حرام کاری اور شہوت پرستی اور ہر گُناہ کے خِلاف خبردار کرتا ہے۔ قریباً ۵۴۴–۴۲۱ ق۔م۔

۱ لیکن دیکھو، مَیں، یعقُوب، تُم سے جو دِل کے پاک ہو کلام کرنا چاہتا ہُوں۔ اِستقلالِ عقل سے خُدا پر توکّل کرو، اور بے حد اِیمان کے ساتھ اُس سے دُعا مانگو، اور وہ تُمھاری مصیبتوں میں تُمھیں تسلّی دے گا، اور وہ تُمھارے حق میں دعویٰ کرے گا، اور جو تُمھاری بربادی کے خواہاں ہیں اُن پرسزا نازِل کرے گا۔

۲ اَے سب پاک دِلو، اپنے اپنے سر اُٹھاؤ اور خُدا کا خُوش کُن کلام قبُول کرو، اور اُس کی محبت سے سرشار ہو؛ چُناں چہ تُم ہمیشہ تک رہو، اگر تُمھاری عقلیں ثابت قدم رہتی ہیں۔

۳ لیکن افسوس، افسوس تُم پر جو دِل کے پاک نہیں ہیں، وہ آج خُدا کے سامنے نجس ہیں؛ کیوں کہ سِوا اِس کے کہ تُم تَوبہ کرو یہ مُلک تُمھارے سبب لعنتی ہُوا؛ اور لامنی، جو تُمھاری طرح نجس نہیں ہیں، پھر بھی وہ شدید لعنت سے ملعُون ہیں، حتیٰ کہ تباہی و بربادی تک تُمھیں ستائیں گے۔

۴ اور وقت جلد آتا ہے، کہ سِوا اِس کے کہ تُم تَوبہ کرو وہ تُمھارے میراث کے مُلک پر قبضہ کریں گے، اور خُداوند خُدا تُمھارے درمیان میں سے راست بازوں کو نِکال لے جائے گا۔

۵ دیکھو، اپنے بھائی لامنوں کو اُن کی نجاست اور اُن کی جِلد پر نازِل ہونے والی لعنت کے باعث تُمھیں جِن سے نفرت ہے، تُم سے زیادہ راست باز ہیں؛ کیوں کہ وہ خُداوند کے حُکم کو نہیں بھُولے جو ہمارے باپ کو دِیا گیا—کہ اُن کی صِرف ایک ایک بیوی ہو، اور حرمیں وہ بالکل نہ رکھیں، اور اپنے ہاں زِناکاریوں کے مُرتکب نہ ہوں۔

۶ اور اب، وہ اِس حُکم کو پابندی سے مانتے ہیں؛ پَس، اِس حُکم کی بجا آوری کے سبب سے، خُداوند خُدا اُنھیں ہلاک نہ کرے گا؛ بلکہ اُن پر رحم کرے گا؛ اور ایک روز وہ بابرکت لوگ بن جائیں گے۔

۷ دیکھو، اُن کے شوہر اپنی بیویوں سے محبت کرتے ہیں، اور اُن کی بیویاں اپنے شوہروں سے پیار کرتی ہیں؛ اور اُن کے شوہر اور بیویاں اپنے بچّوں سے پیار کرتے ہیں؛ اور تُمھارے واسطے اُن کی بے اعتباری اور نفرت اُن کے باپ دادا کی بدی کی بدولت ہے؛ اِس سبب سے، اپنے خالقِ عظیم کی نظر میں، اُن کی نسبت تُم کتنے زیادہ افضل ہو؟

۸ اَے میرے بھائیو، مُجھے ڈر ہے کہ جب تک تُم اپنے گُناہوں سے تَوبہ نہ کرو گے اُن کی رنگت تُمھاری نسبت زیادہ گوری ہوگی، جب اُن کے ساتھ ساتھ تُمھیں تختِ خُدا کے حُضّور پیش کِیا جائے گا۔

۹ پَس، مَیں تُمھیں حُکم دیتا ہُوں، جو خُدا کا کلام ہے، تاکہ تُم اُن کی سِیاہ رنگت کے سبب سے اُن کے خِلاف مزید لعن طعن نہ کرنا؛ نہ اُن کی نجاست کے سبب سے اُن کے خِلاف لعن طعن کرنا؛ بلکہ تُم اپنی نجاست کو یاد کرنا، اور یاد رکھو کہ اُن پر اُن کی نجاست اُن کے باپ دادا کی بدولت تھی۔

۱۰ پَس تُم اپنے بچّوں کو یاد رکھنا، کیوں کہ تُم نے اُن کے سامنے بُرا نمونہ قائم کر کے اُن کے دِلوں کو رنجِیدہ کِیا ہے؛ اور یہ بھی، یاد رکھنا کہ، اپنی نجاست کے باعث، تُم اپنے بچّوں کے واسطے تباہی لا سکتے ہو، اور روز آخر اُن کے گُناہوں کا ڈھیر تُمھارے سروں پر ڈالا جائے گا۔

۱۱ اَے میرے بھائیو، میری باتوں پر کان لگاؤ؛ اپنے اپنے روح کی قُوّتوں کو اُجاگر کرو؛ خُود کو جھنجھوڑو تاکہ تُم موت کی بے حسی سے بے دار ہو جاؤ؛ اور دوزخ کے دُکھوں سے خُود کو آزاد کراؤ تاکہ تُم اِبلِیس کے فرِشتے نہ بن جاؤ، اور آگ اور گندھک کی جھیل میں پھینکے جاؤ جو کہ دُوسری موت ہے۔

۱۲ اور اب مُجھ، یعقُوب، نے بنی نِیفی سے اور بھی بُہت سی باتیں کہیں اور اُنھیں حرام کاری اور شہوت پرستی اور ہر قسم کے گُناہ کے خِلاف، اُس کے ہولناک نتائج کے بارے میں اُن سے کلام کرتے ہُوئے، خبردار کِیا۔

۱۳ اور یہ لوگ جو شُمار میں اب نہایت زیادہ ہو گئے اُن کے حالات و واقعات کا سوّاں حِصّہ بھی اِن اَوراق پر لِکھا نہیں جا سکتا؛ لیکن اُن کے بُہت سے حالات و واقعات، اور اُن کی جنگوں، اور اُن کے جھگڑوں، اور اُن کے بادِشاہوں کی حُکم رانیوں کو بڑے اَوراق پر قلم بند کِیا گیا ہے۔

۱۴ یہ اَوراق یعقُوب کے اَوراق کہلاتے ہیں، اور نِیفی کے ہاتھ سے بنائے گئے تھے۔ اور مَیں اِن باتوں کی بابت کلام مُکَمل کرتا ہُوں۔