صحائف
عقائد اور عہُود ۳۴


فصل ۳۴

۴ نومبر ۱۸۳۰ کو، فے ایٹ، نیو یارک میں نبی جوزف سمِتھ کے ذریعے سے، اَورسن پراٹ کو دیا گیا مُکاشفہ۔ بھائی پراٹ اُس وقت اُنیس برس کا تھا۔ جب وہ رُجُوع لایا اور بپتسما پایا، اِس کے چھے ہفتہ پہلے، اپنے بڑے بھائی پارلے پی پراٹ سے پہلی مرتبہ بحال شُدہ اِنجِیل کی مُنادی سُنی۔ یہ مُکاشفہ پیٹر وِٹمر سینئر کے گھر عطا کِیا گیا۔

۱–۴، کفّارہ کے وسِیلہ سے اِیمان دار خُدا کے بیٹے بن جاتے ہیں؛ ۵–۹، اِنجِیل کی مُنادی دُوسری آمد کے لیے راستہ تیار کرتی ہے؛ ۱۰–۱۲، نبُوّت رُوحُ القُدس کی قُدرت کے وسِیلے سے آتی ہے۔

۱ میرے بیٹے، اَورسن، کان لگا اور سُن اور دیکھ جو مَیں، خُداوند خُدا، تُجھ سے کہُوں گا یعنی یِسُوع مسِیح تیرا مُخلصی دینے والا؛

۲ دُنیا کا نُور اور زِندگی، نُور جو تارِیکی میں چمکتا ہے اور تارِیکی اِسے قَبُول نہیں کرتی؛

۳ جِس نے دُنیا سے اِتنا پیار کِیا کہ اپنی جان دے دی، تاکہ جِتنے بھی اُس پر اِیمان لائیں، خُدا کے فرزند بنیں۔ پَس تُو میرا فرزند ہے؛

۴ مُبارک ہے تُو کیوں کہ اِیمان لایا ہے؛

۵ اور تُو بُہت زیادہ مُبارک ہے کیوں کہ تُو، میری اِنجِیل کی مُنادی کے لیے میرا بُلایا ہُوا ہے—

۶ نرسِنگے کی آواز کی مانِند اپنی صدا بُلند کر، طویل اور بُلند، اور کج رو اور گُم راہ نسل کو، خُداوند کی دُوسر ی آمد کے لیے راہ تیار کرتے ہُوئے، توبہ کے لیے چِلا۔

۷ پَس دیکھ، مَیں تُجھ سے سچّ سچّ، کہتا ہُوں، وقت جلد بلکہ قریب ہے کہ مَیں بادِلوں پر قُدرت اور عالی شان جلال کے ساتھ آؤں گا۔

۸ اور میری آمد کے وقت پر یہ عالی شان دِن ہو گا، ہاں تمام قَومیں کانپیں گی۔

۹ مگر اُس سے پہلے کہ وہ عالی شان دِن آئے، سُورج تارِیک ہو جائے گا، چاند خُون بن جائے گا؛ اور سِتارے روشنی دینا چھوڑ دیں گے اور کُچھ گِر پڑیں گے، اور بدکاروں کے لیے تباہی ہو گی۔

۱۰ پَس، اپنی آواز بُلند کر اور دریغ نہ کر، چُوں کہ خُداوند خُدا نے فرمایا ہے؛ چُناں چہ نبُوّت کر، اور یہ رُوحُ القُدس کی قُدرت سے عطا کی جائے گی۔

۱۱ اگر تُو وفادار ہے، دیکھ، مَیں تیرے ساتھ ہُوں جب تک مَیں آ نہیں جاتا—

۱۲ اور مَیں تُجھ سے سچّ، سچّ کہتا ہُوں، مَیں جلد آتا ہُوں۔ مَیں تیرا خُداوند اور مُخلصی دینے والا ہُوں۔ اَیسا ہی ہو۔ آمین۔