صحائف
عقائد اور عہُود ۱۳۵


فصل ۱۳۵

۲۷ جُون ۱۸۴۴، کارتھیج، اِیلانوئے میں نبی جوزف سمِتھ اور اُس کے بھائی بطریق حائرم سمِتھ کی شہادت کا اِعلان۔ جب جوزف سمِتھ اور حائرم سمِتھ کا خُون ہُوا، یہ دستاویز عقائد اور عہُود کے ۱۸۴۴ کے شُمارے کے آخِر میں شامِل کی گئی، جو اشاعت کے لیے تقریباً تیار تھا۔

۱–۲، جوزف اور حائرم کارتھیج جیل میں شہید کیے جاتے ہیں؛ ۳، نبی کے افضل رُتبے کا اِعلان کِیا گیا ہے؛ ۴–۷، اُن کا معصُوم خُون فرض کی سچّائی اور اَلہویت کی گواہی دیتا ہے۔

۱ اِس کِتاب اور مورمن کی کِتاب کی گواہی کو مُہربند کرنے کے لیے، ہم نبی جوزف سمِتھ اور بطریق حائرم سمِتھ کی شہادت کا اِعلان کرتے ہیں۔ اُنھیں کارتھیج جیل میں، ۲۷ جُون، ۱۸۴۴ کو تقریباً شام پانچ بجے، ۱۵۰ سے ۲۰۰ لوگوں کے مسلح مُشتعل ہجوم نے—چہروں پر کالا رنگ ملا ہُوا تھا، گولی سے مارا۔ حائرم کو پہلے گولی ماری گئی اور وہ خاموشی سے گِرا، اور زور سے چیخا: مَیں مارا گیا ہُوں! جوزف کو کھڑکی سے کُودنے کی کوشش میں گولی لگ گئی، اُس نے پُکارا، اَے خُداوند میرے خُدا! اُن دونوں کی شہادت کے بعد بہیمانہ طریقے سے گولیاں ماری گئیں، اور دونوں کے چار گولیاں لگیں۔

۲ جان ٹیلر اور وِلرڈ رچرڈز، بارہ میں سے دو، اُس وقت صرف وہی اشخاص کمرے میں موجود تھے؛ اور پہلا ظالمانہ طریقے سے چار گولیوں سے زخمی ہُوا، مگر اِس کے بعد سے صحت یاب ہے؛ اور آخِرالذِکر، خُدا کی شفقت سے بچ گیا، حتیٰ کہ اُس کے چوغے تک کو کسی قسم کی آنچ تک نہ آئی۔

۳ جوزف سمِتھ، خُداوند کے نبی اور رویا بین نے اِس دُنیا کے اِنسانوں کی نجات کے واسطے، یِسُوع کے علاوہ، اِس میں کبھی بھی بسنے والے کسی بھی شخص کی نسبت زیادہ کارہائے انجام دیے ہیں۔ بِیس برس کے مُختصَر عرصے میں وہ مورمن کی کِتاب سامنے لایا، جِس کا ترجمہ اُس نے خُداوند کی نعمت اور قُدرت سے کِیا، اور اُسے دو براعظموں پر شائع کرنے کا وسِیلہ بنا؛ اَبَدی اِنجِیل کی مَعمُوری جو اِس میں پِنہاں ہے، اِس کو زمِین کے چاروں کونوں میں بھیجا؛ مُکاشفے اور اَحکام کو وُجُود میں لایا جو اِس عقائد اور عہُود کی کِتاب کو مرتب کرتے ہیں، اور بنی آدم کی بھلائی کے لیے بُہت سے دُوسرے دانائی بخش صحائف اور ہدایات لایا؛ ہزاروں مُقَدَّسینِ آخِری ایّام کو اِکٹھا کِیا، عظیم شہر کی بُنیاد ڈالی اور شُہرت اور نام چھوڑ کر گیا جِس کو مِٹایا نہیں جا سکتا۔ وہ عظمت و وقار سے جِیا، اور خُدا اور اُس کے لوگوں کی نظر میں شان و آن سے شہید ہُوا؛ اور قدِیم زمانے کے خُداوند کے بُہتیرے ممسُوحوں کی مانِند اپنی پیغمبری اور اپنے فرض کو اپنے ہی خُون سے مُہربند کِیا؛ اور اُس کے بھائی حائرم نے بھی اَیسا ہی کِیا۔ زِندگی میں یہ کبھی جُدا نہ تھے، اور موت میں بھی وہ اَلگ نہ ہُوئے!

۴ جب جوزف سُوئے کارتھیج خُود کو قانون کی فرضی مطلوبات کے حوالے کرنے گیا، اپنی شہادت سے دو یا تین دِن پہلے اُس نے کہا: مَیں برّے کی طرح ذبح خانے کو جا رہا ہُوں، مگر مَیں گرمیوں کی صبح کی مانِند پُرسکون ہُوں؛ میرا ضمیر خُدا کے اور تمام اِنسانوں کے خِلاف خطاؤں سے پاک ہے۔ مَیں معصُوم مرُوں گا، اور میرے بارے میں کہا جائے گا—”وہ سفاکی سے مارا گیا“۔—اُسی صبح، جب حائرم جانے کی تیاری کر چُکا—ذبح ہونے کے واسطے کیا کہہ سکتے ہیں؟ جی ہاں، کیوں کہ اَیسا ہی تھا—اُس نے درج ذیل پیراگراف پڑھا، مورمن کی کِتاب میں، عیتر کے بارہویں باب کے آخِر میں، اور صفحے کا سِرا موڑ دیا:

۵ اور اَیسا ہُوا کہ مَیں نے خُداوند سے دُعا کی کہ وہ غیرقَوموں پر فضل کرے، تاکہ اُن میں محبّت ہو۔ اور اَیسا ہُوا کہ خُداوند نے مُجھ سے کہا کہ اگر اُن میں محبّت نہیں تو اِس سے تُجھے کوئی فرق نہیں پڑتا تُو چُوں کہ وفادار رہا ہے، پَس تیرا جامہ پاک صاف کِیا جائے گا۔ اور چُوں کہ تُو نے اپنی کم زوری دیکھ لی ہے تُو اِس قدر قوی بنایا جائے گا کہ اُس جگہ بیٹھے گا جو مَیں نے اپنے باپ کے مکانوں میں تیار کی ہے۔ اور اب مَیں…غیرقَوموں کو اُس وقت تک الوداع کہتا ہُوں، ہاں، اور اپنے بھائیوں کو بھی جِن سے مَیں محبّت کرتا ہُوں، جب تک ہم مسِیح کے تختِ عدالت کے حُضُور نہیں مِلتے، جہاں سب لوگ جانیں گے کہ میرا جامہ تُمھارے خُون سے داغ دار نہیں ہے۔ وصیت کرنے والے اب وفات پا گئے ہیں، اور اُن کی وصیت لاگُو ہوتی ہے۔

۶ حائرم سمِتھ فروری، ۱۸۴۴ میں چوالیس برس کا تھا، اور جوزف سمِتھ دسمبر ۱۸۴۳ میں اَڑتیس برس کا تھا؛ اور اب سے اُن کے نام مذہب کے شہیدوں میں گِنے جائیں گے؛ اور ہر قَوم میں پڑھنے والوں کو یاد دِلایا جائے گا کہ مورمن کی کِتاب اور کلِیسیا کے عقائد اور عہُود کی اِس کِتاب کی قِیمت اُنیسویں صدی کا اعلیٰ و افضل خُون تھا کہ برباد شُدہ دُنیا کی نجات کے لیے اُن کا نزُول ہُوا؛ اور اگر آگ ہرے پیڑ کو خُدا کے جلال کے لیے بھسم کر سکتی ہے، تو کتنی آسانی سے وہ بُرائی کے تاکِستان کو پاک کرنے کے لیے سُوکھے درختوں کو جلائے گی۔ وہ جلال کے لیے جِئے؛ وہ جلال کے لیے شہید ہُوئے؛ اور جلال اُن کا اَبَدی اَجر ہے۔ زمانوں سے زمانوں تک اُن کے نام آیندہ نسل کو دیے جائیں گے جَیسے جواہر جو مُقَدَّس ٹھہرائے گئے۔

۷ وہ کسی بھی جُرم سے بےگُناہ تھے، جَیسے اُنھیں پہلے اکثر ثابت کِیا جا چُکا تھا، اور صِرف غداروں اور بدکار آدمیوں کی سازِش سے جیل میں بند تھے؛ اور کارتھیج جیل کے فرِش پر اُن کا بےگُناہ خُون ”مورمن ازم“ کی بڑی مُہر ثابت ہُوا ہے جِسے زمِین پر کوئی عدالت رَدّ نہیں کر سکتی، اور اِیلانوئے کی ریاست کی تختی پر اُن کا بےگُناہ خُون، ریاست پر عدمِ اِعتماد کے ساتھ جِس کی گورنر نے ضمانت دی تھی، اَبَدی اِنجِیل کی گواہی ہے جِس کو تمام دُنیا بھی رَدّ نہیں کر سکتی؛ اور اُن کا بےگُناہ خُون آزادی کے عَلم، اور ریاست ہائے مُتحدہ کے آزادی کے منشُور پر یِسُوع مسِیح کے دِین کا سفیر ہے، جو سب قَوموں میں تمام اِیمان دار آدمیوں کے دِلوں کو چھوئے گا؛ اور اُن کا بےگُناہ خُون سارے شہیدوں کے بےگُناہ خُون کے ساتھ اُس قُربان گاہ کے نیچے جِس کو یُوحنّا نے دیکھا، ربُّ الافواج کو پُکارے گا جب تک وہ اُس خُون کا زمِین پر بدلہ نہ لے لے۔ آمین۔