صحائف
ابرہام ۱


ابرہام کی کِتاب

بردی سے ترجمہ، از جوزف سمِتھ

چند قدِیم نگارشوں کا ترجمہ جو ہمارے ہاتھوں میں مِصر کی زمِین دوز مقبروں سے آئیں۔ ابرہام کی نگارشات جو ابرہام کی کِتاب کہلاتی ہے، جو اُس کے اپنے ہاتھ سے بردی پر لِکھی گئی تھی، جب وہ مِصر میں تھا۔

باب ۱

ابرہام بطریقی نظام کی کہانتی برکتوں کا طلب گار ہے—وہ کسدستان میں جُھوٹے کاہنوں کے سبب سے ستایا جاتا ہے—یہواہ اُسے بچاتا ہے—مِصر کے ماخذ اور نظامِ حُکمرانی کا جائزہ لیا جاتا ہے۔

۱ کسدیوں کی سرزمِین میں، اپنے آباواجداد کے مسکن پر، مُجھ ابرہام نے محسُوس کِیا کہ یہ حالات کا تقاضا تھا کہ مَیں اپنے لیے جائے سکونت کہیں اور ڈُھونڈتا؛

۲ اور مَیں نے بڑی مُسرّت اور تسلّی اور سکُون پایا، مَیں اپنے آباواجداد کی برکتوں کو پانے کی جُستجُو میں تھا، اور اِس حق کو پانا چاہا جِس کے سبب سے مَیں اِنھیں اَدا کرنے کے لیے مُقرّر کِیا جاؤں؛ چُوں کہ مَیں راست بازی کا پیروکار تھا، اِس لیے مَیں نے یہ بھی چاہا کہ بُہت بڑا صاحبِ عِلم بنُوں، اور راست بازی کا عظیم تر پیروکار بنُوں، اور عظیم تر صاحبِ عِلم بنُوں، اور بُہت سی قَوموں کا باپ اور اَمن کا شہزادہ بنُوں، اور خُدا کے اَحکام پر عمل کرنے، اور ہدایات پانے کی آس رکھے، مَیں اپنے آباواجداد سے وابستہ حق کا حامِل ہوتے ہُوئے برحق وارِث اور اعلیٰ کاہن بنا۔

۳ یہ مُجھے آباواجداد سے عطا کِیا گیا؛ یہ آباواجداد سے اُترا، زمانے کی اِبتدا سے، ہاں، حتیٰ کہ ابِتدا سے، یا بِنائے عالم سے پیشتر سے لے کر عصرِ حاضر تک آیا، یعنی کہ پہلوٹھے کا حق، یا پہلے آدمی سے، جو آدم ہے، یا پہلے باپ سے، آباواجداد کے وسِیلے سے مُجھ تک پُہنچا۔

۴ آباواجداد کی طرف سے اُن کی نسل کے لیے خُدا کے طریق ِ تَقرُّری کے مُطابق مَیں اپنی کہانت کی تَقرُّری کا طالب ہُوا۔

۵ میرے آباواجداد اپنی راست بازی سے، اور اُن پاک حُکموں سے مُنحرف ہو کر جو خُداوند اُن کے خُدا نے اُنھیں دیے تھے، غیر قَوموں کے دیوتاؤں کی پُوجا کی طرف مائل ہُوئے، اور میری آواز کو سُننے سے قطعاً اِنکار کِیا؛

۶ پَس اُن کے دِل بدی کرنے پر مائل تھے اور پُوری طرح سے القناہ کے دیوتا، اور لبناہ کے دیوتا، اور ماہمکراہ کے دیوتا، اور کوراش کے دیوتا، اور مِصر کے بادِشاہ، فِرعون کے دیوتا کی طرف راغب ہو گئے تھے؛

۷ پَس اُنھوں نے اِن گُونگے بُتوں کو اپنے بچّوں کی قُربانی پیش کرنے کے لیے اپنے دِل غیرقَوموں کی قُربانی کی طرف پھیرے، اور میری آواز نہ سُنی، بلکہ القناہ کے کاہن کے ہاتھوں میری جان لینے کا اِرادہ کِیا۔ القناہ کا کاہن، فِرعون کا کاہن بھی تھا۔

۸ اب، اِس وقت مِصر کے بادِشاہ، فِرعون، کے کاہن کا یہ رواج تھا کہ اِن اَجنبی دیوتاؤں کے لیے مردوں، عَورتوں اور بچّوں کی قُربانی اُس قُربان گاہ پر چڑھائے، جو کسدستان کی سرزمِین پر قائم کی گئی تھی۔

۹ اور اَیسا ہُوا کہ کاہن نے فِرعون کے دیوتا، اور شگریل کے دیوتا کے لیے بھی، مِصریوں کے رواج کے مُطابق قُربانی دی۔ اب شگریل کا دیوتا سُورج تھا۔

۱۰ حتیٰ کہ تشکُر کی نذر کے لیے کسی بچّے کی قُربانی فِرعون کے کاہن کی اُس قُربان گاہ پر چڑھائی جو فوطیفار کی پہاڑی کے قریب، اولیشم کے میدان کے شُروع میں ہے۔

۱۱ اب اِس کاہن نے ایک وقت پر تین کنواریوں کی نذر چڑھائی تھی، وہ عونیتاہ کی بیٹیاں تھیں، جو حام کے صُلب کے شاہی سلسلہِ نَسب میں سے ایک تھی۔ یہ کنواریاں اپنی پاک دامنی کے باعث قُربان کی گئیں؛ وہ لکڑی یا پتھر کے دیوتا کی جُھک کر پُوجا نہ کرتی تھیں، پَس اُنھیں اِس قُربان گاہ پر مارا گیا، اور یہ مِصریوں کے طریق کے مُطابق کِیا گیا۔

۱۲ اور اَیسا ہُوا کہ کاہنوں نے مُجھ پر تشدُد کِیا، کہ وہ مُجھے بھی مار ڈالیں، جِس طرح اُنھوں نے اُن کنواریوں کو اِس قُربان گاہ پر مارا تھا؛ اور کہ تُم اِس قُربان گاہ کے بارے میں جانو، مَیں تُمھیں اِس بیان کے شُروع میں اِس شبِیہ کا حوالہ دُوں گا۔

۱۳ اور یہ پلنگ کی طرح بنائی گئی تھی، جَیسی کَلدانیوں میں بنائی جاتی تھیں، اور یہ، القناہ، لبناہ، ماہمکراہ، کوراش کے دیوتاؤں اور ایک اَیسے دیوتا کے سامنے رکھی جو کہ مِصر کے بادِشاہ فِرعون کا سا تھا۔

۱۴ تاکہ تُمھیں اِن دیوتاؤں کی سمجھ ہو مَیں نے اُن کا خاکہ شُروع کی اشکال میں دیا ہے، جو اشکال کسدیوں میں راہلینُوس کہلاتی ہیں، جِس کا مطلب خطِ تصویری ہے۔

۱۵ اور جب اُنھوں نے اپنے ہاتھ مُجھ پر اُٹھائے، کہ وہ میری نذر چڑھائیں اور میری زِندگی لے لیں، دیکھو، مَیں نے اپنی آواز خُداوند اپنے خُدا کے حُضُور بُلند کی، اور خُداوند نے کان لگایا اور سُنا، اور اُس نے مُجھے قادِرِ مُطلق کی رویا سے بھر دیا اور اُس کی حُضُوری سے فرِشتہ میرے ساتھ آ کھڑا ہُوا، اور فوراً میرے بندھن کھول دیے؛

۱۶ اور اُس کی آواز مُجھ پر نازِل ہُوئی : ابرہام، ابرہام، دیکھ میرا نام یہواہ ہے، اور مَیں نے تیری فریاد سُن لی ہے، اور تُجھے چُھڑانے، اور تُجھے تیرے باپ کے گھر سے، اور تیرے تمام رشتے داروں سے دُور، کسی اجنبی سرزمِین میں لے جانے کے لیے جِسے تُم نہیں جانتے، اُترا ہُوں۔

۱۷ اور یہ اِس لیے کہ اُنھوں نے اپنے دِل مُجھ سے پھیر لیے ہیں، کہ القناہ کے دیوتا اور لبناہ کے دیوتا، اور ماہمکراہ کے دیوتا، اور کوراش کے دیوتا اور، مِصر کے بادِشاہ، فِرعون کے دیوتا کی پُوجا کریں؛ پَس مَیں اُن کی مُخالفت کے لیے نیچے اُترا ہُوں، اور اُس کو تباہ کرنے کے لیے جِس نے اپنا ہاتھ، ابرہام، میرے بیٹے، تیرے خِلاف اُٹھایا ہے کہ تیری جان لے۔

۱۸ دیکھو، مَیں اپنے ہاتھ سے تیری راہ نمائی کرُوں گا، اور مَیں تُجھے لے جاؤں گا کہ اپنا نام تُجھ پر ٹھہراؤں، یعنی تیرے باپ کی کہانت، اور میری قُدرت تُجھ پر ہو گی۔

۱۹ جَیسا نوح کے ساتھ تھا وَیسا تیرے ساتھ ہو گا؛ بلکہ تیری خدمت سے میرا نام زمِین پر اَبَد تک جانا جائے گا، پَس مَیں تیرا خُدا ہُوں۔

۲۰ دیکھو، فوطیفار کی پہاڑی اُر کی سرزمین، کسدستان میں تھی۔ اور خُداوند نے القناہ، اور سرزمِین کے دیوتاؤں کی قُربان گاہ توڑ ڈالی، اور اُن کو بالکل نِیست و نابُود کر دیا، اور کاہن کو مارا کہ وہ ہلاک ہُوا؛ اور کسدستان میں بڑا ماتم ہُوا، اور فِرعون کے دربار میں بھی؛ فِرعون جِس کا مطلب خاندانِ شاہی کا بادِشاہ ہے۔

۲۱ چُوں کہ مِصر کا یہ بادِشاہ حام کے صُلب کی آل سے تھا، اور پَیدایشی طور پر کعنانیوں کا خُون اُس میں شامل تھا۔

۲۲ اِس سلسلہِ نَسب سے تمام مِصری پَیدا ہُوئے، اور یُوں کعنانیوں کا خاندان اِس سرزمِین میں برقرار رکھا گیا۔

۲۳ مِصر کی سرزمِین جِس کو سب سے پہلے کسی عَورت نے دریافت کِیا، جو حام کی بیٹی، اور ایجپٹس کی بیٹی تھی، جِس کا مطلب کسدی زبان میں مِصر ہے، جِس کا مطلب وہ جو ممنُوع کِیا گیا ہے؛

۲۴ جب اِس عَورت نے سرزمِین کو دریافت کِیا تو یہ پانی کے نیچے تھی، جِس نے بعد میں اپنے بیٹے یہاں بسائے؛ اور یُوں حام سے وہ نسل نِکلی جِس نے سرزمِین پر لعنت کو قائم رکھا۔

۲۵ چُوں کہ مِصر کی پہلی حُکم رانی فِرعون نے قائم کی، جو ایجپٹس، حام کی بیٹی کا بڑا بیٹا تھا، اور یہ حام کی حُکم رانی کے طریق کے مُطابق تھا، جو پِدر شاہی تھا۔

۲۶ فِرعون، راست آدمی تھا، اُس نے اپنی بادِشاہی قائم کی اور اپنے لوگوں کے فیصلے دانِش مندی اور اِنصاف پسندی سے کیے، دِلی طور پر اُس طریق کی تقلید کی کوشش کرتا تھا جو اُس کے آباواجداد نے پہلی نسلوں، پہلی پِدر شاہی کے دَورِ حُکم رانی میں قائم کِیا تھا، حتیٰ کہ آدم کے دورِ حُکم رانی میں، اور نوح کے بھی جو اُس کا باپ تھا، جِس نے اُس کو زمِین کی نعمتوں، اور حِکمت کی نعمت سے برکت دی، اَلبتہ کہانت کی بابت اُسے ملعُون ٹھہرایا۔

۲۷ چُوں کہ، فِرعون اُس نسل سے تھا جِس سے وہ کہانت کا حق نہیں پا سکتا تھا، اِس کے باوجود فِرعون بسروچشم حام، خُوشی سے دعویٰ کرتا تھا، پَس میرا باپ اُن کی بُت پرستی کی راہ میں لے جایا گیا؛

۲۸ بلکہ اِس کے بعد مَیں کوشش کرُوں گا کہ خُود سے لے کر تخلیق کے آغاز تک واقعات کی ترتیب وار نقشہ کشی کرُوں، پَس نوِشتے میرے ہاتھوں میں سونپے گئے ہیں، جو اِس وقت میرے پاس ہیں۔

۲۹ اب جب القناہ کے کاہن کو مارا گیا کہ وہ ہلاک ہُوا، اور اُن باتوں کی تکمیل ہُوئی جو کسدستان کی سرزمِین کی بابت میں مُجھ سے کہی گئی تھیں، کہ سرزمِین پر قحط ہو گا۔

۳۰ اِسی کے مُطابق قحط کسدستان کی تمام سرزمِین میں پھیل گیا، اور میرا باپ قحط کے سبب شدِید عذاب میں تھا، اور اُس نے اُس بدی کے منصُوبہ سے توبہ کی جو اُس نے میرے خِلاف باندھا تھا کہ میری زِندگی لے۔

۳۱ بلکہ نِگارشاتِ آباواجداد، یعنی پِدرِسالاران، کہانت کے حق کی بابت، خُداوند میرے خُدا نے میرے اپنے ہاتھوں میں سونپ دی تھیں؛ پَس تخلیق کے شُروع کا عِلم، اور سیاروں کا بھی، اور سِتاروں کا، جَیسا اُنھیں آباواجداد پر ظاہر کِیا گیا تھا، مَیں نے اِس دِن تک اپنے پاس رکھا ہے، اور مَیں اِن میں سے چند باتیں اِس بیان میں، اپنی نسل کی بھلائی کے لیے لِکھنے کی کوشش کرُوں گا، جو میرے بعد آئے گی۔