مجلسِ عامہ
مسِیح کے ساتھ عہد کے رِشتہ میں چلنا
مجلسِ عامہ اکتوبر ۲۰۲۳


مسِیح کے ساتھ عہد کے رِشتہ میں چلنا

جو ہمارے لیے زخمی ہُوا اور کُچلا گیا وہ فانیت کو ہم میں اپنا کام کرنے دے گا، لیکن وہ ہمیں تنہا اِن مُصیبتوں کا سامنا کرنے کو نہیں کہتا۔

اِسرائیل میں میری ایک اچھی دوست اِیلان نے مُجھے اِنتہائی انوکھے راستے سے مُتعارف کرایا۔ ”اِسے یِسُوع کی راہ کہا جاتا ہے،“ اُس نے کہا، ”کئی لوگوں کا ایسا ماننا ہے کیوں کہ یِسُوع ناصرت سے کُفرِ نحُوم کی طرف جانے والے راستے پر چلتا تھا۔“ مَیں نے وہیں اُس پر چلنے کا تہیہ کر لِیا، لہٰذا مَیں اِسرائیل جانے کی منصُوبہ بندی کرنے لگی۔

سفر سے چھے ہفتے پہلے، میرا ٹخنہ ٹُوٹ گیا۔ میرا شوہر چوٹ کے بارے میں فِکر مند تھا؛ مُجھے یہ پریشانی تھی کہ ایک ماہ بعد مَیں ”یِسُوع کی راہ“ پر کیسے چل پاؤں گی۔ مَیں فِطری طور پر ضِدی ہُوں، لہٰذا مَیں نے جہاز کی ٹِکٹ منسُوخ نہ کی۔

مُجھے جُون کی خُوب صُورت صُبح کو اپنی اِسرائیلی گائیڈ سے مِلنا یاد ہے۔ مَیں وین سے باہر اُتری بیساکھیاں اور پھر ایک گھٹنے والا سکوٹر باہر نکالا۔ ہماری گائیڈ، مایا نے، میرے پلستر پر نظر ڈالی، اور کہا، ”آں، میرا خیال ہے کہ آپ اِس حالت میں اُس پگڈنڈی پر نہیں چل سکتیں۔“

”ہو سکتا ہے نہیں،“ مَیں نے جواب دِیا۔ ”لیکن ایسی کوئی چیز نہیں ہے جو مُجھے کوشش کرنے سے روک سکے۔“ اُس نے آہستہ سے سر ہِلایا، اور ہم چل پڑے۔ مُجھے اُس پر پیار آیا، اُسے بھروسا تھا کہ مَیں ٹُوٹے ہُوئے ٹخنے سے اُس راہ پر چل سکُوں گی۔

مَیں نے ڈھلوانی راستے اور پگڈنڈی پر بِکھرے ہُوئے پتھروں کو عبُور کرنے کے لیے خُود ہی وقت کا اندازہ لگا لِیا۔ پھر، مایا نے میرے مُخلص اِرادے سے مُتاثر ہو کر، پتلا سا رسّہ نکالا، اُسے میرے سکوٹر کے ہینڈل سے باندھا، اور اُسے کھینچنے لگی۔ اُس نے مُجھے پہاڑیوں کے اُوپر، لِیموں کے باغات، اور گلیل کی جِھیل کے ریتلے کناروں پر کھینچا۔ سفر کے اِختتام پر، مَیں نے گائیڈ کا تہہِ دِل سے شُکریہ ادا کِیا، جِس نے مُجھے وہ کام کرنے میں مدد کی جو مَیں خُود کبھی نہ کر پاتی۔

جب خُداوند نے حنُوک کو زمین پر سفر کرنے اور اپنی گواہی کے لیے بُلایا تو حنُوک ہِچکچایا۔۱ وہ نوجوان لڑکا، کلام کرنے میں سُست تھا۔ اپنی اِس کمزوری میں وہ اُس راہ پر کیسے چلا ہو گا؟ وہ اپنی کمزوری کے باعث آگے نہیں بڑھ رہا تھا۔ جو چیز اُس کو روک رہی تھی خُداوند کی طرف سے اُس کا جواب آسان اور فوری تھا: ”میرے ساتھ چلو۔“۲ حنُوک کی مانِند، ہم بھی یاد رکھیں کہ جو ہمارے لیے زخمی ہُوا اور کُچلا گیا۳ وہ فانیت کو ہم میں اپنا کام کرنے دے گا، لیکن وہ ہمیں تنہا اِن مُصیبتوں کا سامنا کرنے کو نہیں کہتا۔۴ ہماری کہانی، یا ہماری موجُودہ زِندگی کِتنی بھی بوجھل کیوں نہ ہو، وہ ہمیں اپنے ساتھ چلنے کے لیے بُلائے گا۔۵

تصّور کریں اُس نوجوان لڑکے کو جو بیابان میں مُصیبت کے وقت خُداوند سے مِلا۔ یعقُوب گھر سے دُور سفر میں تھا۔ رات کے اندھیرے میں، وہ خواب میں نہ صِرف ایک سِیڑھی زمِین پر کھڑی دیکھتا ہے بلکہ عہد کے اہم وعدے بھی باندھتا ہے، وہ جِن کو مَیں پانچ اُنگلیوں کا وعدہ کہتی ہُوں۔۶ اُس رات خُداوند یعقُوب کے ساتھ کھڑا ہُوا، اپنے آپ کو یعقُوب کے باپ کا خُدا مُتعارف کرایا، اور وعدہ کِیا:

  • مَیں تیرے ساتھ ہُوں۔

  • مَیں تیری حِفاظت کرُوں گا۔

  • مَیں تُجھے پھر گھر لاؤں گا۔

  • مَیں تُجھے ہرگز نہ چھوڑُوں گا۔

  • مَیں تُجھ سے اپنا وعدہ پُورا کرُوں گا۔۷

یعقُوب اِنتخاب کرنے میں بااِختیار تھا۔ وہ اپنی زِندگی محض اپنے باپ کے خُدا سے آشنا ہو کر بسر کرنے کو چُن سکتا تھا، یا وہ اُس کے ساتھ عہد باندھ کر زِندگی گُزارنے کا اِنتخاب کر سکتا تھا۔ برسوں بعد یعقُوب نے اُن عہد کے وعدوں میں زِندگی گُزارنے کی گواہی دی: ”خدا … نے میری تنگی کے دِن میں میری دُعا قبُول کی، اور وہ میرے ساتھ تھا جِس راہ پر میں چلا۔“۸ جیسا کہ اُس نے یعقُوب کی خاطر کِیا، خُداوند ہم میں سے ہر ایک کو ہماری تنگی کے دِن میں جواب دے گا اگر ہم اپنی زندگی کو اُس کے ساتھ باندھنے کو چُنتے ہیں۔ اُس نے ہمارے ساتھ راہ پر چلنے کا وعدہ کِیا ہے۔

ہم اِسے عہد کی راہ پر چلنا کہتے ہیں—یہ راہ بپتِسما کے عہد سے شُروع ہوتی اور ہیکل میں گہرے عہُود باندھنے کی جانب راہ نُمائی کرتی ہے۔ شاید آپ نے وہ الفاظ سُننے اور فہرست چیک کرنے کی بابت سوچتے ہوں۔ شاید آپ اِس کو ضروریات کا راستا دیکھتے ہوں۔ بغور دیکھنے سے مزید آشکار ہو جاتا ہے۔ عہد صِرف معاہدہ نہیں ہے، حالاں کہ وہ اہم ہے۔ یہ رِشتہ داری ہے۔ صدر رسل ایم نیلسن نے سِکھایا ہے، ”عہد کی راہ خُدا کے ساتھ ہمارا رِشتہ ہے۔“۹

بیاہ کے عہد پر غور کریں۔ شادی کی تاریخ اہم ہوتی ہے، لیکن یکساں اہم وہ رِشتہ ہوتا ہے جو بعد میں ساتھ رہنے سے بنتا ہے۔ خُدا کے ساتھ عہد کا رِشتہ بھی بالکل اُسی طرح ہے۔ شرائط طے ہُوئیں ہیں تو راستے میں توقعات بھی ہوں گی۔ وہ ہم سب کو بُلاتا ہے جیسے بھی ہماری لیاقت ہے، دِل کے کامِل اِرادے سے، بلکہ اِس بھروسے کے ساتھ کہ ہم اُس کے ساتھ ”آگے بڑھیں،“۱۰ تاکہ اُس کی موعودہ نعمتوں سے نوازے جائیں۔ صحیفے ہماری یاد دِہانی کرتے ہیں کہ اکثر وہ برکات اُس کے اپنے وقت اور اپنے طریق سے آتی ہیں: ۳۸ برس میں،۱۱، ۱۲ برس میں،۱۲ فوری طور پر۔۱۳ ہماری راہ کے تقاضوں کے موافق، وہ ہمارا سہارا ہو گا۔۱۴

اُس کا مِشن کرم نوازی ہے۔ ہم جہاں بھی ہیں اور جیسے ہیں یِسُوع مسِیح ہم سے مِلے گا۔ گتسمنی باغ، صلیب اور قبر اِسی لیے واقع ہُوئے۔ نجات دہندہ فتح پانے میں ہماری مدد کے لیے بھیجا گیا۔۱۵ مگر جہاں ہم ہیں وہاں پر بِنا کوشش کے مُخلصی نہیں ہو گی۔ خُداوند کا ہرگز اِرادہ نہیں کہ جہاں ہم ہیں وہ ہمیں وہیں چھوڑ دے، جیسے اُس نے یعقُوب کو خاک میں نہیں چھوڑا تھا۔

اُس کا مِشن اُوپر اُٹھانا بھی ہے۔ جہاں ہم ہیں۱۶ ہمیں اُوپر اُٹھانے کے لیے، اُس کی نظرِ کرم ہم پر ہوگی اور اِس عمل میں، وہ ہمیں اِس لائق بنائے گا کہ ہم اُس کی مانِند بن جائیں۔ یِسُوع مسِیح ہمیں اُوپر اُٹھانے کے لیے آیا۔۱۷ وہ ہمیں اپنی مانِند بننے میں مدد کرنا چاہتا ہے۔ ہیکل اِسی لیے ہے۔

ہمیں یاد رکھنا ہے، صِرف راستے سے ہی، سرفرازی نہیں بخشی جائے گی وہ ہمارے ساتھی—ہمارے نجات دہندہ کے وسِیلہ سے ہو گی۔ تو اِس لیے عہد کا رِشتہ ہے۔

جب مَیں اِسرائیل میں تھی، تو مَیں مغربی دِیوار دیکھنے گئی۔ یہُودیوں کے لیے، اِسرائیل میں یہ مُقدس ترین مقام ہے۔ یہی اُن کی ہیکل کا بقیہ ہے۔ جب وہ اِس مُقدس جگہ پر جاتے ہیں تو نفیس ترین لِباس پہنتے ہیں؛ لِباس کا اِنتخاب خُدا سے اُن کی عقیدت—اُن کے رِشتہ کی ثابت قدمی کے ظاہری اِظہار کی علامت ہے۔ وہ صحائف کا مُطالعہ کرنے، پرستش کرنے، اور دُعائیں کرنے اُس دِیوار پہ آتے ہیں۔ وہ اپنے درمیان میں ہیکل کی فریاد کے لیے وہاں پر پُورا دِن وقف کرتے ہیں، اُن کی ہر دُعا، عہد کے گھر کی مُنتظر ہے۔ مَیں اُن کی عقیدت کی قدر کرتی ہُوں۔

جب مَیں اِسرائیل سے واپس گھر آئی، تو مَیں نے اپنے اِردگرد عہُود کی بابت بات چیت کو مزید دھیان سے سُنا۔ مَیں نے جانا لوگ پُوچھتے ہیں، مُجھے عہد کی راہ پر کیوں چلنا چاہیے؟ عہد باندھنے کے لیے مُجھے ہیکل میں جانے کی ضرورت کیوں ہے؟ مَیں پاک لِباس کیوں پہنتی/پہنتا ہُوں؟ مَیں خُداوند کے ساتھ عہد کا رِشتہ کیوں قائم کرُوں؟ اِن اچھے اور اہم سوالوں کا آسان جواب یہ ہے: کہ آپ کو یِسُوع مسِیح کے ساتھ رِشتہ کا تجربہ کِس حد تک کرنا ہے۔۱۸ ہم میں سے ہر کِسی کو اِن اِنتہائی ذاتی سوالوں کا جواب خُود دریافت کرنا ہوگا۔

میرا جواب یہ ہے: مَیں آسمانی والدین کی ”عزیز بیٹی بن کر اِس راہ پر چلتی ہُوں،“ کہ ۱۹ خُداداد اور اِنتہائی بھروسا مند۲۰جانی جاؤں۔۲۱ عہد کی فرزند ہو کر، مَیں وعدے کی برکات۲۲ پانے کے لائق ہُوں۔ مَیں نے خُداوند کے ساتھ چلنے کو چُنا۲۳ ہے۔ مَیں بُلائی۲۴ گئی ہُوں تاکہ مسِیح کی گواہ ٹھہروں۔ جب یہ راستا اِنتہائی مُشکل لگتا ہے، تو مُجھے اُس کے کفّارا کی قُربانی کا فضل تقویت۲۵ بخشتا ہے۔ ہر بار جب میں اُس کے گھر کی دہلیز پار کرتی ہُوں، تو مَیں اُس کے ساتھ عہد کے رِشتے میں شِدت پاتی ہُوں۔ مَیں اُس کے رُوح سے پاک صاف کی ۲۶ گئی ہُوں، بخشش۲۷ کی نعمتوں سے نوازی گئی، اور مخصُوص کی گئی ہُوں ۲۸ تاکہ اُس کی بادشاہی تعمیر کرُوں۔ توبہ کے ہر روز عمل سے اور ہفتہ وار عِشائے ربّانی میں شرکت سے، مَیں ثابت قدم۲۹ اور اَٹل بننا سِیکھتی ہُوں، تاکہ بھلائی کے کام کرُوں۔۳۰ یِسُوع مسِیح کے ساتھ مَیں اِس راہ پر چلتی ہُوں، جو میرا راہ نُما ہے، مَیں اُس موعودہ دِن کی مُنتظر ہُوں جب وہ دوبارہ آئے گا۔ پھر مَیں اُس کی مُہربند۳۱ اور خُدا کی پاک۳۲ بیٹی ہو کر اُوپر اُٹھائی جاؤں گی۔

اِسی لیے مَیں عہد کی راہ پر چلتی ہُوں۔

اِس لیے مَیں عہد کے وعدوں کو تھامے ہُوئی ہُوں۔

اِس لیے مَیں اُس کے عہد کے گھر میں داخل ہوتی ہُوں۔

اِس لیے مَیں مُقدس لِباس کو پہنتی ہُوں جو مُستقل یاد دِہاں ہے۔

کیوں کہ مَیں اُس کے ساتھ عہد کے رِشتہ سے مُنسلک رہنا چاہتی ہُوں۔

بے شک آپ بھی۔ جہاں آپ ہیں وہیں سے آغاز کریں۔۳۳ اپنے حالات کو آڑے نہ آنے دیں۔ یاد رکھیں، راہ پر رفتار یا جگہ اِتنی اہم نہیں جِتنا اہم آگے بڑھنا ہے۔۳۴ کسی ایسے شخص سے کہیں جِس پر آپ بھروسا کرتے ہیں، جو عہد کی راہ پر چلتے ہیں، تاکہ اُنھوں نے نجات دہندہ کی بابت جو جانا وہ آپ کو بتائیں۔ اُس کو مزید جانیں۔ اُس کے ساتھ عہد میں داخل ہو کر رِشتہ قائم کریں۔ آپ کی عُمر اور آپ کی حالت سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ آپ اُس کے ساتھ چل سکتے ہیں۔

یِسُوع کی راہ پر چلنے کے بعد، مایا نے اپنا رسّہ واپس نہ لیا۔ اُس نے اِسے سکُوٹر کے ساتھ بندھے رہنے دِیا۔ اگلے چند دِن میرے نو عُمر بھتیجے اور اُن کے دوست مُجھے یروشلیم کی گلیوں میں لے کر گئے۔۳۵ اُنھوں نے دھیان رکھا کہ مُجھ سے یِسُوع مسِیح کی کہانیوں میں سے کوئی بھی چُھوٹ نہ جائے۔ مُجھے اُبھرتی نسل کی طاقت کی یاد دہانی کرائی گئی۔ ہم آپ سے سِیکھ سکتے ہیں۔ آپ یِسُوع مسِیح، ہمارے راہ نُما کو جاننے کے حقیقی خواہاں ہیں۔ آپ رسّے کی اُس طاقت پر بھروسا کرتے ہیں جو ہمیں اُس سے جوڑتا ہے۔ آپ دُوسروں کو اُس کے پاس لانے کی ہمت افزائی سے نوازے گئے ہیں۔۳۶

شُکر ہے، راستے میں ہمت افزائی کرتے ہُوئے، ہم ایک ساتھ اِس راہ پر چلتے ہیں۔۳۷ جب ہم مسِیح کے ساتھ اپنے ذاتی تجربہ کو بیان کریں گے، تو ہم اپنی ذاتی عقیدت کو تقویت بخشیں گے۔ میں اِن سچائیوں کی یِسُوع مسِیح کے نام پر گواہی دیتی ہُوں، آمین۔

حوالہ جات

  1. حنُوک کے لوگ برگشتہ ہو گئے تھے، اُنھوں نے مسِیح کا اِنکار کِیا، وہ ”تارِیکی میں اپنی مشورت پاتے تھے“ (دیکھیں موسیٰ ۲۷:۶–۲۸)۔ ایسے وقت میں جب اُس کا اِنسانیت پر سے اِیمان کھو گیا تھا، حنُوک خُداوند کی طرف راہ نُمائی کے لیے مُڑا۔ حنُوک کی بُلاہٹ بھی بالکل وہی تھی جو بُلاہٹ ہمیں دی جاتی ہے: ”میرے ساتھ چلو“ (مُوسیٰ ۶‏:۳۴؛ مزید دیکھیے متی ۱۱‏:۲۸)۔ مگر ہو سکتا ہے، حنُوک کی مانِند، آپ بھی اپنی حالت سے اُس راہ پر چلنے کے لیے بے یقینی کا شکار ہیں۔ ہو سکتا ہے آپ کو کسی طرح کی رُکاوٹ محسُوس ہوتی ہو۔ شاید جِس وجہ سے ہمیں عہد کے راہ پر چلنے کی ضرورت ہے وہ ہماری حالت ہی ہے، کیوں کہ ہمیں کسی نہ کسی طرح کی رکاوٹ ہوتی ہے اور ہمیں اُس کی مدد کی ضرورت ہے۔

  2. دیکھیں مُوسیٰ ۶‏:۲۳–۳۴۔

  3. دیکھیں ”یِسُوع ناصری، نجات دہندہ اور بادشاہ،“ گیت، نمبر ۱۸۱۔

  4. دیکھیے عیتر ۱۲:‏۲۷۔

  5. دیکھیے متّی ۱۱:‏۲۸–۳۰۔

  6. میری لڑکیاں ہر صُبح اپنے بچوں سے پانچ انگلیوں کے اُس وعدے کو سرگوشی کرنا چاہتی ہیں-آسمانی باپ کی یاد دہانی جو اپنے ہر بچے کے بارے میں الہٰی طور پر باخبر ہے۔

  7. دیکھیے پَیدایش ۱۰:۲۸–۲۲۔ ابراہامی عہد بھی اُس رات کی اہمیت پر زور دیتا تھا۔ ابراہامی عہد کے یہ عُناصر ہماری زِندگیوں اور یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل میں مرکزی کردار ادا کرتے ہیں: (۱) اَبدی میراث کا وعدہ (آیت ۱۳)؛ (۲) اَبدی خُوش حالی (آیت ۱۴)؛ اور (۳) زمین کی تمام قوموں کو برکت دینے کی نعمت اور ذمہ داری (آیت ۱۴

  8. پیدایش ۳۵‏:۳؛ تاکید شامِل ہے۔ یعقُوب کے والدین نے اُسے عیسو سے دُور رہنے کے لیے گھر چھوڑنے کی ہدایت کی، جِس نے اُسے قتل کرنے کی دھمکی دی تھی، اور اُس کو کِسی سے ملنے کا موقع دِیا جس سے وہ عہد میں بیاہ کرے (دیکھیے پیدایش ۲۷‏:۴۱–۴۵؛ ۲۸‏:۱–۲، ۵

  9. رسل ایم نیلسن، ”وہ دائمی عہد،“ لیحونا، اکتوبر. ۲۰۲۲، ۱۱۔

  10. ۲ نیفی ۳۱:‏۲۰۔

  11. دیکھیے یُوحنّا ۵:۵، بیت صیدا کے حوض کی کہانی۔

  12. مرقس ۵‏:۲۵، اُس عورت کی کہانی جِس نے مسِیح کی پوشاک کو چُھوا تھا۔

  13. دیکھیے متی ۱۴‏:۳۱، پطرس کے پانی پر چلنے کی کہانی۔

  14. دیکھیے ”کتنی پُختہ ہے بُنیاد،“ گیت، نمبر ۸۵۔

  15. دیکھیے ۱ نیفی ۱۶:۱۱–۳۳۔

  16. دیکھیے فِلپیوں ۶:۱؛ ۲‏:۱۳؛ مورمن کا کلام ۱‏:۷۔

  17. دیکھیے یُوحنّا ۱۲:‏۳۲۔

  18. اکثر کِسی راستے کی وضاحت اہم خصُوصیات جیسا کہ راہ نُما تختی یا سنگِ میل سے لگائی جاتی ہے۔ یہ یقینی بنانے کا ایک طریقہ ہے کہ آپ صحیح راستے پر ہیں یا صحیح سمت میں پیش رفت کر رہے ہیں۔ کِسی رشتہ کی وضاحت بھی کلیدی خصُوصیات سے کی جا سکتی ہے۔ اِن میں سے کُچھ توقعات شامِل ہیں (دیکھیے یرمِیاہ ۲۹‏:۱۱؛ عقائد اور عہُود ۱۳۲‏:۷)؛ اطاعت (دیکھیے مضایاہ ۳‏:۱۹؛ ایلما ۷‏:۲۳؛ ۱۳‏:۲۸)؛ فِروتنی؛ فرماں برداری؛ صبر؛ حلیمی؛ بھروسا (دیکھیے امثال ۳‏:۵)؛ اور محبّت (دیکھیے رومیوں ۸‏:۳۱–۳۹

  19. انجمنِ دُختران کا موضوع،“ گاسپل لائبریری، تاکید کی گئی؛ مزید دیکھیے بانی ایچ کورڈن، ”پیاری بیٹیاں،“ لیحونا، نومبر ۲۰۱۹، ۶۷۔

  20. دیکھیے یُوحنّا ۴‏:۱–۲۹، کنوئیں پر سامری عورت کی کہانی۔

  21. دیکھیے ایلما ۳۸‏:۱–۳۔

  22. دیکھیے گِنتی ۶‏:۲۳–۲۷۔

  23. دیکھیے یشُوع ۲۴‏:۲۲۔

  24. دیکھیے عقائد اور عہُود ۲۵‏:۳، اَیما سمِتھ کی کہانی۔

  25. دیکھیے ۱ کرنتھیوں ۹:۱۵–۱۰۔

  26. دیکھیے ۲ تواریخ ۲۰‏:۱–۱۷، خاص طور پر آیت ۱۴۔

  27. دیکھیے عقائد اور عہُود ۱۰۹‏:۱–۴۶۔

  28. دیکھیے ۱ سیموئیل ۱۶:‏۱۱–۱۳۔

  29. دیکھیے آستر ۱۶:۴، آستر کی کہانی۔

  30. دیکھیے اعمال ۱۰:‏۳۸۔

  31. دیکھیے یسیعاہ ۴۳:‏۵-۱۔

  32. دیکھیے اِستِثنا ۲۸‏:۱–۹۔

  33. کسی نیک دوست نے مُجھے یاد دلِایا کہ کسی بھی رِشتے کے لیے عمل ضروری ہے۔

  34. کرِسٹن اولسن کے ساتھ ذاتی خط و کتابت، ستمبر ۲۰۲۳۔

  35. میک عوزویلڈ، کیمڈن عوزویلڈ، ایشٹن میتھنی، اور جیک بٹلر کے لیے، مُجھے کھینچنے کے لیے شُکریہ۔

  36. آپ کو یاد ہوگا کہ مَیں نے کلیسیائے یِسُوع مِسیح برائے مُقّدسینِ آخری ایّام کے نوجوانان کو خُداوند کے جواں لشکر کو دُنیا میں آج کے دَور کے سب سے بڑے مقصد کے لیے بھرتی ہونے کی دعوت دی تھی—اِسرائیل کو اِکٹھا کرنے۔ مَیں نے اِس دعوت نامے کو ہمارے نوجوانان کے لیے جاری کیا کیوں کہ وہ غیرمعمولی طور پر دُوسروں تک پہنچنے اور اپنے عقیدے کو مؤثر انداز سے بتانے کی صلاحیت سے نوازے گئے ہیں“ (رسل ایم نیلسن، ”گواہان، ہارُونی کہانت کی جماعت، اور اَنجمنِ دُختران، لیحونا، نومبر ۲۰۱۹، ۳۹)۔

  37. ”خُدا کی بادشاہی … ایسے شہر کی مانِند ہے جِس کو موت ہر طرف سے گھیرے ہُوئے ہے۔ ہر اِنسان کے پاس دفاع کے لیے دیوار پر اپنی جگہ ہوتی ہے اور کوئی بھی کسی دُوسرے کی جگہ پر کھڑا نہیں ہوسکتا، ’مگر ہمیں ایک دُوسرے کی ہمت افزائی کرنے سے کوئی شے روک نہیں سکتی‘“ مارٹن لوتھر، لوئس ولیم سپِٹز میں، (رینائسنس اینڈ ریفارمیشن موومنٹس [۱۹۸۷]، ۳۳۵)۔