مجلسِ عامہ
ہمارا دائمی رفِیق
مجلسِ عامہ اکتوبر ۲۰۲۳


ہمارا دائمی رفِیق

آپ کے اور میرے پاس یہ موقعہ ہے کہ رُوحُ القُدس کو اپنا دائمی رفِیق بنائیں۔

میرے پیارے بھائیو اور بہنو، اِس مجلِس میں ہمیں مُکاشفہ کے نزُول سے نوازا گیا ہے۔ خُداوند یِسُوع مسِیح کے خادموں نے سچّائی، حوصلہ افزائی اور ہدایت کا کلام بیان کِیا ہے اور کرتے رہیں گے۔

اِس مجلِس میں پیش کی گئی گواہیوں نے مُجھے یہ عِلم بخشا ہے کہ خُداوند اپنے بندوں کے ذریعے سے ہم سے ذاتی طور پر کلام کرتا ہے۔ جب ہم دُعا کرتے ہیں اور پِھر رُوحُ القُدس کی ترغیبات پر دھیان دیتے ہیں، تو ہم اعلیٰ و افضل بصِیرت اور برکتیں پاتے ہیں۔

ہم نے ایک بار پِھر صدر رسل ایم نیلسن کی تنبِیہ کو سُنا ہے کہ ”آنے والے ایّام میں، رُوحُ القُدس کی راہ نُمائی، ہدایت، مدد، اور مُستقِل تاثِیر کے بغیر رُوحانی طور پر زِندگی بسر کرنا مُمکن نہ ہوگا۔“۱

اِس پیغمبرانہ تنبِیہ نے مُجھے یہ سوچنے پر آمادہ کِیا ہے کہ اپنے بچّوں کو اور پوتے پوتیوں کو کون سی تعلِیم دینی ہے، اور اِن آنے والے مُشکل ترین ایّام میں اُن کی ہدایت کیسے کرنی ہے۔

لہٰذا، آج کا یہ پیغام میری آل اَولاد کے لیے یہ چھوٹا سا خط ہے جو شاید اُن کی راہ نُمائی کر سکے جب مَیں حیرت انگیز ایّام میں اُن کے ساتھ نہیں ہُوں گا۔ مَیں یہ چاہتا ہُوں کہ وہ اُن باتوں کو جان لیں جِنھیں مَیں جانتا ہُوں کہ وہ اُن کی مدد کریں گی۔

مَیں بہتر طور پر سمجھ گیا ہُوں کہ جِس دَور میں وہ رہتے ہیں اُس میں رُوحُ القُدس کی دائمی تاثِیر کو پانے کے لِیے ہمیں کیا کرنا پڑے گا۔ اور آج مُجھے اِشارہ مِلا ہے کہ رُوحُ القُدس کو اپنا دائمی رفِیق بننے کی دعوت دیتے ہُوئے اپنے ذاتی اَحساس و تجربہ پر جِس قدر ہو سکے بات کرُوں۔ میری دُعا ہے کہ مَیں اُن کو اَیسا کرنے کی ترغیب دے سکُوں۔

مَیں چاہتا ہُوں کہ وہ ہیلیمن کے بیٹوں، نِیفی اور لِحی، اور اُن کے ساتھ کام کرنے والے خُداوند کے دُوسرے خادِموں کے مُتعلِق سوچیں۔ اُنھیں شدِید مُخالفت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ وہ بدنام عِلاقہ میں خِدمت انجام دے رہے تھے اور اُنھیں خَوف ناک عِیّاریوں سے نپٹنا پڑتا تھا۔ ہیلیمن کے نوِشتہ کی اِس ایک آیت سے مَیں ہمت پاتا ہُوں، اورآپ بھی پا سکتے ہیں:

”اور اُناسیویں برس میں شدید عداوت بڑھنے لگی۔ لیکن اَیسا ہُوا کہ نِیفی اور لِحی، اور اُن کے بُہت سارے ہم خِدمت بھائی جو عقِیدہ کے حقیقی نِکات سے واقِف تھے، چُوں کہ وہ روزانہ بے شُمار مُکاشفے پاتے تھے، پَس اُنھوں نے لوگوں میں مُنادی کی، اِس قدر کہ اُنھوں نے اُن کی عداوت کو اُسی سال میں ختم کر دِیا۔“۲

یہ حوالہ مُجھے حوصلہ دیتا ہے، اور یہ آپ کو بھی حوصلہ دے سکتا ہے۔ ہیلیمن کے بیٹوں کو رُوحُ القُدس کے سِلسِلہ وار تجربوں نے سِکھایا اور ہدایت فرمائی۔ یہ مُجھے یقِین دِلاتا ہے کہ ہمیں سِکھایا جا سکتا ہے اور ہم رُوح سے حُکم پر حُکم پا کر سِیکھ سکتے ہیں، جِس کی ہمیں ضرُورت ہے، اور پھر جب ہم تیار ہوں گے، تو ہمیں مزید عطا کِیا جائے گا۔

مُجھے اِسی طرح نِیفی کی رُوداد سے حَوصلہ مِلا ہے کہ لابن کے اَوراق کے لیے یروشلِیم واپس جانے کو کہا گیا ہے۔ آپ کو یاد ہے جو فیصلہ اُس نے کِیا تھا۔ اُس نے کہا، ”مَیں جاؤں گا اور اُن فرائض کو سرانجام دُوں گا جِن کا خُداوند نے حُکم دِیا ہے۔“۳

اِس بامقصد سفر پر رُوحُ القُدس کے ساتھ نِیفی کے تجربے نے مُجھے کئی بار ہمت بخشی ہے جب مَیں اَیسی ذِمہ داریوں کو پُورا کرنے کے لِیے روانہ ہُوا مُجھے عِلم تھا کہ ذِمہ داریاں خُداوند کی طرف سے ہیں لیکن جو میرے ماضی کے تجربے سے زیادہ بڑھ کر اور جو میری نظر میں میری صلاحیت سے بڑھ کر زیادہ لگتی تھیں۔

آپ کو یاد ہے کہ نِیفی نے اپنے تجربے کی بابت کیا کہا تھا: ”اور یہ رات کا وقت تھا؛ اور مَیں نے [اپنے بھائیوں کو] حُکم دِیا کہ وہ خُود کو فصِیلوں سے باہر چُھپا لیں۔ اور جب اُنھوں نے خُود کو چُھپا لِیا تو مَیں نِیفی دبے پاؤں شہر میں گُھس گیا اور لابن کے گھر کی طرف بڑھا۔“

وہ مزید کہتا ہے،”اور رُوح میری راہ نُمائی کرتا تھا، اُن باتوں کی بابت جِنھیں پہلے سے نہ جانتا تھا کہ مُجھے کیا کرنا ہے۔“۴

مَیں نے یہ جان کر حَوصلہ پایا ہے کہ نِیفی کو خُداوند کے فرض پر پُوری رات لمحہ بہ لمحہ رُوح کی راہ نُمائی حاصل تھی۔

ہمیں رُوحُ القُدس کی دائمی رفاقت کی ضرُورت ہے، اور آپ کو بھی اِس کی ضرُورت ہو گی۔ اب، ہم یہ چاہتے ہیں، لیکن ہم اپنے تجربے سے جانتے ہیں، کہ اِس کو پانا آسان نہیں ہے۔ ہم سب اپنی روزمرہ کی زِندگی میں اَیسی باتیں سوچتے، کہتے، اور کرتے ہیں جو رُوح کو ٹھیس پہنچا سکتی ہیں۔

جب اَیسا ہوتا ہے، جو کہ اَیسا ہوگا، تو ہمیں خُداوند کی طرف سے ناپسندیدگی کا اَحساس ہو سکتا ہے۔ اور ہم اِس احساس میں مُبتلا ہو سکتے ہیں کہ ہم تنہا ہیں۔ اُس وقت یہ ضرُوری ہے کہ اُس یقِینی وعدہ کو یاد رکھیں جب ہم ہر ہفتے تَوبہ کرتے اور عِشائے ربانی میں شرِیک ہوتے ہیں: ”تاکہ اُس کا رُوح ہمیشہ اُن کے ساتھ ہو۔“۵

اگر آپ نے رُوحُ الُقدس کا اَثر محسُوس کِیا ہے، تو آپ اِس کو ثبوت کے طور پر لے سکتے ہیں کہ کَفارہ آپ کی زِندگی میں اِثر دِکھا رہا ہے۔

مثلاً بُزرگ جیفری آر ہالینڈ نے فرمایا ہے: ”جب بھی ہماری پریشانی کے یہ لمحات آتے ہیں، ہمیں اِس خَوف سے بے بس نہیں ہونا چاہیے کہ خُدا نے ہمیں چھوڑ دِیا ہے یا وہ ہماری دُعائیں نہیں سُنتا۔ وہ ہماری سُنتا ہے۔ وہ ہمیں دیکھتا ہے۔ وہ ہم سے پیار کرتا ہے۔“۶

اِس پختہ یقِین نے میری مدد کی ہے۔ جب مَیں خُداوند سے دُوری محسُوس کرتا ہُوں، جب میری دُعاؤں کے جواب میں تاخِیر ہوتی نظر آتی ہے، تو مَیں نے تَوبہ کے مواقع کے لیے اپنی زِندگی کا جائزہ لینے کے لیے صدر نیلسن کی نصِیحت پر عمل کرنا سِیکھ لِیا ہے۔ وہ یاد دِلاتے ہیں، ”روزانہ تَوبہ کرنے سے پاکیزگی حاصل ہوتی ہے، اور پاکیزگی قُوت بخشتی ہے۔“۷

اگر آپ کو اپنے تئیں رُوحُ القُدس کو محسُوس کرنے میں دُشواری پیش آتی ہے، تو آپ سوچ بچار کر سکتے ہیں کہ کیا کوئی اَیسی بات ہے جِس کے لیے آپ کو تَوبہ کرنے اور مُعافی پانے کی ضرُورت ہے۔۸ یہ جاننے کے لیے آپ اِیمان کے ساتھ دُعا کر سکتے ہیں کہ پاک صاف ہونے کے لیے کیا کرنا ہے اور غالباً اِس طرح رُوحُ القُدس کی دائمی رفاقت کے لائق ہو سکتے ہیں۔

اگر آپ رُوحُ القُدس کی رفاقت پانا چاہتے ہیں، تو اِس کی غرض راست اسباب ہونے چاہئیں۔ آپ کے مقاصد خُداوند کے اِرادے ہونے چاہئیں۔ اگر آپ کے مقاصد بُہت زیادہ خُود غرض ہیں، تو رُوح کی سرگوشیاں پانا اور سُننا آپ کے لِیے مُشکل ہوگا۔

میرے واسطے اور آپ کے لِیے کلید یہ ہے کہ وہ چاہیں جو نجات دہندہ چاہتا ہے۔ ہمارے مقاصد کو مسِیح کے سچّے عِشق سے تحرِیک پانے کی ضرُورت ہے۔ ہماری دُعائیں اَیسی ہوں کہ ”مَیں وہ ہی چاہتا ہُوں جو تُو چاہتا ہے۔ تیری مرضی پُوری ہو۔“

مَیں نجات دہندہ کی قُربانی اور اپنے واسطے اُس کے پیار کو یاد رکھنے کی کوشِش کرتا ہُوں۔ پھر، جب مَیں آسمانی باپ سے شُکر گُزاری کی دُعا کرتا ہُوں، تو مُجھے محبّت اور پختہ یقِین کا اَحساس ہوتا ہے کہ میری دُعائیں سُنی گئی ہیں اور یہ کہ مُجھے وہ مِلے گا جو میرے واسطے اور جِن کو میں پیار کرتا ہُوں اُن کے واسطے بہتر ہوگا۔ اِس سے میری گواہی مضبُوط ہوتی ہے۔

اُن سب باتوں میں سے جِن کی رُوحُ القُدس گواہی دیتا ہے ہمارے لِیے سب سے زیادہ بیش قِیمت یہ ہے کہ یِسُوع المسِیح، زِندہ خُدا کا بیٹا ہے۔ نجات دہندہ نے وعدہ فرمایا، ”جب وہ مددگار آئے گا، جِس کو مَیں تُمھارے پاس باپ کی طرف سے بھیجُوں گا، یعنی روحِ حق، جو باپ سے صادر ہوتا ہے، تو وہ میری گواہی دے گا۔“۹

برسوں پہلے، مُجھے کسی غم زدہ ماں کا فون آیا۔ اُس نے مُجھے بتایا کہ اُس کی بیٹی گھر سے بُہت دُور چلی گئی ہے۔ اُس کو اپنی بیٹی کے ساتھ ہونے والے تھوڑے بُہت رابطے سے احساس ہُوا کہ کُچھ نہ کُچھ گھبِیر طور پر غلط ہے۔ اُس نے مُجھ سے مدد کی فریاد کی تھی۔

مَیں نے دریافت کِیا کہ بیٹی کا ہوم ٹیچر کون تھا۔ آپ اِس اِصطلاح سے بتا سکتے ہیں کہ یہ بُہت پہلے کی بات ہے۔ مَیں نے اُس کو فون کِیا۔ وہ نابالغ تھا۔ تو بھی اُس نے مُجھے بتایا کہ وہ اور اُس کا ساتھی دونوں رات کو نہ صِرف بیٹی کی فکر مندی میں بلکہ اِلہام کے وسِیلے سے بیدار ہُوئے تھے کہ وہ ایسا فیصلہ کرنے والی ہے جِس کا نتِیجہ اُداسی اور پریشانی ہوگی۔ رُوح کے صِرف اِسی اِلہام کی بدولت، وہ اُس سے مِلنے گئے۔

پہلے تو وہ اُنھیں اپنی صُورتِ حال کی بابت نہیں بتانا چاہتی تھی۔ اِلہام کے تحت، اُنھوں نے اُس سے اِلتجا کی کہ وہ تَوبہ کرے اور اُس راستے کا اِنتخاب کرے جو خُداوند نے اُس کے لیے چُنا تھا۔ تب اُس کو اَحساس ہُوا، میرا یقِین ہے کہ رُوح کی بدولت، یعنی اِسی ایک وسِیلہ سے وہ جان سکتے تھے جو اُنھوں نے خُدا کی طرف سے اُس کی زِندگی کے حوالے سے آگاہی پائی تھی۔ اُس ماں نے اپنے پیار بھرے خدشات کو آسمانی باپ اور نجات دہندہ کے حوالے کر دیا۔ رُوحُ القُدس اُن ہوم ٹیچرز پر نازِل ہُوا کیوں کہ وہ خُداوند کی خِدمت کے لِیے تیار تھے۔ اُنھوں نے اُس نصِیحت اور وعدے پر عمل کِیا تھا جو عقائد اور عہُود میں پائے جاتے ہیں:

”تیرے رحم بھی سارے آدمیوں اور اَہلِ اِیمان کے گھرانے کے لیے محبّت سے بھرے رہیں، نیکی تیرے خیالوں کو پیہم سُنوارتی رہے؛ تب تیرا توکّل خُدا کی حُضُوری میں زیادہ مضبُوط ہو گا؛ اور کہانت کے اُصُول تیری جان پر آسمان سے شبنم کی مانِند ٹپکیں گے۔

”رُوحُ القُدس تیرا دائمی رفیق ہو گا، اور تیرا عصا راستی اور سچّائی کا غیر متغیر عصا ہو گا؛ اور تیری سلطنت اَبَدی سلطنت ہو گی، اور بغیر جبر کے یہ تُجھ تک ہمیشہ سے ہمیشہ تک پُہنچتی رہے گی۔“۱۰

مَیں گواہی دیتا ہوں کہ خُداوند نے اپنا وعدہ پُورا کِیا ہے۔ رُوحُ القُدس کا نزُول کلِیسیائے یِسُوع مسِیح کے بااِیمان عہد کے اَرکان پر ہوتا ہے۔ آپ کے احساس و تجربات نِرالے ہوں گے، اور رُوح اِنتہائی موّثر طریقے سے آپ کے اِیمان اور آپ کی لیاقت کے مُطابق ہدایت کرے گا تاکہ اُن لوگوں کے لیے جِن سے آپ محبّت کرتے ہیں اور خِدمت کرتے ہیں اُن کے واسطے اور اپنے واسطے مُکاشفہ پائیں۔ مَیں اپنے سارے دِل سے دُعا گو ہُوں کہ آپ کا اِعتماد فروغ پائے۔

مَیں گواہی دیتا ہُوں کہ خُدا باپ زِندہ ہے۔ وہ آپ سے پیار کرتا ہے۔ وہ آپ کی ہر دُعا سُنتا ہے۔ یِسُوع مسِیح نے باپ سے دُعا کی تھی کہ وہ ہماری ہدایت، مدد اور سچّائی کی گواہی دینے کے لِیے رُوحُ القُدس بھیجے۔ آسمانی باپ اور اُس کا پیارا بیٹا جوزف سمتھ پر ظاہر ہُوئے تھے۔ نبی جوزف سمتھ نے مورمن کی کِتاب کا ترجُمہ خُدا کی نعمت اور قُدرت سے کِیا تھا۔

آسمانی پیام بروں نے کہانت کی کُنجیاں بحال کی تھیں۔ صدر رسل ایم نیلسن ساری دُنیا کے واسطے خُدا کے نبی ہیں۔

یِسُوع مسِیح کے گواہ کی حیثیت سے، مَیں جانتا ہُوں کہ وہ زِندہ ہے اور اپنی کلِیسیا کی ہدایت فرماتا ہے۔ آپ کے اور میرے پاس رُوحُ القُدس کو اپنے دائمی رفِیق کی حیثیت سے قبُول کرنے اور اُن سچّائیوں کی تصدیق کرنے کا موقع ہے جب ہم نجات دہندہ کو یاد کرتے ہیں اور اُس سے پیار کرتے ہیں، تَوبہ کرتے ہیں، اور اُس کی محبّت کو اپنے دِلوں میں ٹھہرنے کے لیے کہتے ہیں۔ مَیں دُعا کرتا ہُوں کہ ہمیں وہ برکت اور رُوحُ القُدس کی رفاقت آج اور ہماری زِندگی کے ہر دِن نصِیب ہو۔ مَیں آپ سے پیار کرتا ہُوں۔ یِسُوع مسِیح کے مُقدّس نام پر، آمین۔