مجلسِ عامہ
سوچ آسمانی رکھیں!
مجلسِ عامہ اکتوبر ۲۰۲۳


سوچ آسمانی رکھیں!

آپ کے چناؤ آپ کے لیے تعین کریں گے کہ آپ تمام اَبَدیت کہاں قیام کریں گے، کس قِسم کے بدن کے ساتھ آپ کو دوبارہ زندہ کِیا جائے گا، اور کون ہیں جن کے ساتھ آپ ہمیشہ رہیں گے۔

عزیز بھائیو اور بہنو، مَیں دِل کی گہرائیوں سے مشکُور ہُوں کہ مُجھے آپ سے کلام کرنے کا موقع مِلا ہے۔ میری عُمر میں، ہر نیا دِن غیر متوقع طور پر تعجُب خیز کے ساتھ ساتھ کٹھن چیزوں کا ضامن بنتا ہے۔ تین ہفتے قبل، میری کمر کے پٹھے زخمی ہو گئے۔ پَس، جب کہ مَیں نے کھڑے ہو کر ۱۰۰ سے زائد مجلِسِ عامہ کے خِطابات ادا کِیے ہیں، تو آج مَیں نے سوچا کہ مَیں بیٹھ کر خِطاب کرُوں گا۔ مَیں دُعاگو ہُوں کہ رُوحِ پاک آج میرا پیغام آپ کے دِلوں میں بسائے۔

مَیں نے حال ہی میں اپنی ۹۹ویں سالگِرہ منائی اور یُوں اپنی حیاتی کے ۱۰۰ویں سال کا آغاز کِیا۔ مُجھ سے اکثر اِتنی طویلُ العُمر زندگی کا راز پُوچھا جاتا ہے۔ بلکہ بہتر سوال یہ ہو گا کہ ”مَیں نے لگ بھگ ایک صدی کی سوانحِ حیات میں کیا سیکھا ہے؟“

آج وقت مُجھے اِس سوال کا پُوری طرح سے جواب دینے کی اِجازت نہیں دیتا، لیکن کیا مَیں اپنے سیکھے ہُوئے سب سے اہم اَسباق میں سے ایک کا تذکرہ کر سکتا ہُوں۔

مَیں نے سیکھا ہے کہ ہمارے واسطے آسمانی باپ کا منصُوبہ زبردست ہے، کہ ہم اِس حیاتی میں کیا کرتے ہیں واقعی اہم ہے، اور کہ مُنّجی کا کفّارہ ہی ہمارے باپ کے منصُوبے کو مُمکن بناتا ہے۔۱

جب مَیں اپنی حالیہ چوٹ کے باعث ہونے والی شدید درد سے نبرد آزما ہُوا، تو مُجھے یِسُوع مسِیح اور اُس کے کفّارے کے ناقابلِ فہم اِنعام کے لیے مزید گہرائی سے قدروقِیمت کا احساس ہُوا۔ اِس کی بابت سوچیں! نجات دہندہ نے ”ہر قِسم کے دُکھوں اور مُصیبتوں اور آزمایشوں کو برداشت کِیا“۲ تاکہ وہ ہمیں تسلّی دے، ہمیں شِفایاب کرے، بوقتِ ضرُورت ہمیں بچا لے۔۳ یِسُوع مسِیح نے گتسِمنی اور کلوری میں اپنے تجربے کو یُوں بیان کِیا: ”وہ اَذِیت، جس نے، مُجھ، خُدائے عظیم و برتر کو درد سے، لرزا دِیا، اور ہر مسام سے خُون بہایا۔“۴ میری چوٹ نے مُجھے بار بار ”اِسرائیل کے قُدُّوس کی عظمت“ کے مُتعلق غور و فِکر کرنے کی وجہ فراہم کی۔۵ میری شِفایابی کے دوران میں، خُداوند نے پُرسُکون اور واضح طریقوں سے اپنی قُدرتِ اِلٰہی کو اِفشا کِیا۔

یِسُوع مسِیح کے لامحدُود کفّارے کی بدولت، ہمارے آسمانی باپ کا منصُوبہ ایک کامِل منصُوبہ ہے! خُدا کے پُروقار منصُوبے کی بابت سمجھ بُوجھ، ہماری زندگی سے تجَسُّس اور ہمارے مُستقبل سے غیر یقینی کو موقُوف کر دیتی ہے۔ یہ ہم میں سے ہر ایک کو چُننے کی اِجازت دیتا ہے کہ ہم یہاں زمین پر کس طرح رہیں گے اور ہم ہمیشہ کے لیے کہاں سُکُونت کریں گے۔ ایک بے بنیاد گُمان یہ ہے کہ ہم ”کھائیں، پیئیں، اور عیش کریں کیوں کہ کل ہم مر جائیں گے؛ اور ہمارے ساتھ بہتر ہی ہو گا“۶ کائنات کا سب سے بڑا اور اَحمقانہ جُھوٹ ہے۔

خُدا کے منصُوبے کی عظیم بات یہ ہے: کہ وہ چیزیں جو آپ کی فانی زندگی کو بہترین بناتی ہیں یہ عین وہی چیزیں ہو سکتی ہیں جو کُل اَبَدیت میں آپ کی زندگی کو اَفضل بنائیں گی! آج، آسمانی باپ کی طرف سے آپ کو مُیسر کثرت کی برکات کے لیے اَہل ہونے میں آپ کی دَست گیری کرنے کو، مَیں آپ کو دعوت دیتا ہُوں کہ آپ اپنی ”سوچ آسمانی“ رکھنے کی عادت کو اپنائیں!۷ سوچ آسمانی رکھنے کا مفہُوم رُوحانی نِیّت رکھنا ہے۔ ہم مورمن کی کِتاب کے نبی یعقُوب سے سیکھتے ہیں کہ ”رُوحانی نِیّت اَبَدی زندگی ہے۔“۸

عظیم ترین اَبَدی طور پر درآمد چیزوں کا چناؤ کرنے کے مُتعلق سیکھنے میں فانیت بہترین اُستاد ہے۔ بُہتیرے لوگوں نے اَیسی زندگیاں بسر کیں کہ گویا اِس زندگی کے بعد کُچھ نہیں ہے۔ تاہم، آج کے چناؤ آپ کے لیے تین باتوں کا تعین کریں گے: آپ تمام اَبَدیت کہاں قیام کریں گے، کس قِسم کے بدن کے ساتھ آپ کو دوبارہ زندہ کِیا جائے گا، اور کون ہیں جن کے ساتھ آپ ہمیشہ رہیں گے۔ پَس اپنی سوچ آسمانی رکھیں۔

صدرِ کلِیسیا کی حیثیت سے اپنے پہلے خِطاب میں، مَیں نے آپ کو ترغیب دی تھی کہ آخرت کو ذہن میں رکھتے ہُوئے شُروعات کریں۔ اِس سے مُراد یہ ہے کہ سیلیسٹیئل بادشاہی کو اپنا اَبَدی مقصد بنانا اور پھر زمین پر رہتے ہُوئے بڑی احتیاط سے اپنے فیصلوں پر غور کرنا کہ اگلے جہان ہم اِن کے باعث کیا مقام پائیں گے۔۹

خُداوند نے واضح طور پر سِکھایا ہے کہ صِرف وہ مرد و خواتین جو ہَیکل میں بحیثیتِ میاں اور بیوی مُہربند ہُوئے ہیں، اور جو اپنے عہُود پر کار بند ہیں، وہی تمام اَبَدیت میں اِکٹھے مِل کر رہیں گے۔ اُس نے فرمایا، ”تمام عہُود، مُعاہدے، بندھن، ذِمہ داریاں، حلف، وعدے، کارکردگیاں، رابطے، رفاقتی یا توقعات جنھیں رُوحُ القُدس کے وسیلے سے باندھا نہیں گیا … اُس وقت ختم ہو جاتے ہیں جب اِنسان مر جاتا ہے۔“۱۰

اِس واسطے، اگر ہم نادانی سے ٹیلیسٹیئل شریعت کے مُطابق زندگی گُزارنے کا اِنتخاب کرتے ہیں، تو ہم ٹیلیسٹیئل جِسم کے ساتھ دوبار جی اُٹھنے کا چناؤ کر رہے ہیں۔ ہم اپنے اَہلِ خانہ کے ہم راہ ہمیشہ کے لیے نہ رہنے کا چناؤ کر رہے ہیں۔

پَس، میرے عزیز بھائیو اور بہنو، آپ ہمیشہ کیسے اور کہاں اور کس کے ساتھ قیام کرنا چاہتے ہیں؟ آپ کو ہی چُننا ہو گا۔۱۱

جب آپ انتخاب کرتے ہیں، تو مَیں آپ کو وسیع النظر—اَبَدی تناظُر کو دیکھنے کی دعوت دیتا ہُوں۔ یِسُوع مسِیح کو اوّلین درجہ دیں، کیوں کہ آپ کی اَبَدی زندگی کا دار و مَدار اُس پر اور اُس کے کفّارے پر اِیمان سے ہے۔۱۲ یہ اُس کے قوانین کی فرماں برداری پر بھی مُنحصر ہے۔ فرماں برداری آپ کے لیے آج سرشار زندگی اور کل کے لیے عظیم، اَبَدی اِنعام کی راہ ہموار کرتی ہے۔

جب آپ کسی کشمکش سے گُزریں، تو اپنی سوچ آسمانی رکھیں! جب کسی آزمایش میں پڑیں، تو اپنی سوچ آسمانی رکھیں! جب زندگی یا آپ کے پیارے آپ کو مایُوس کریں، تو اپنی سوچ آسمانی رکھیں! جب کوئی قبل اَز وقت وفات پا جائے، تو اپنی سوچ آسمانی رکھیں! جب کوئی تباہ کُن دائمی بیماری میں مُبتلا ہو جائے، تو اپنی سوچ آسمانی رکھیں! جب زندگی کے دباؤ آپ کی سوچوں پر حاوی ہو جائیں، تو اپنی سوچ آسمانی رکھیں! جب آپ کسی حادثے یا چوٹ سے صحت یاب ہوں، جیسا کہ مَیں ابھی ہو رہا ہُوں، تو اپنی سوچ آسمانی رکھیں!

جب آپ آسمانی سوچ پر توجّہ مرکُوز کرتے ہیں، تو مُخالفت کا سامنا کرنے کی بھی توقع رکھیں۔۱۳ کئی دہائیوں قبل، ایک پیشہ ور ہم عصر نے مُجھ پر ”ہَیکل میں بُہت زیادہ مصرُوف“ ہونے پر تنقید کی، اور ایک سے زائد سپروائزر نے میرے عقیدے کے باعث مُجھے اذیت پہنچائی۔ البتہ، مَیں اِس بات پر قائل ہُوں، کہ اپنی سوچ آسمانی رکھنے سے میرے پیشے کو عُروج مِلا۔

جب آپ اپنی سوچ آسمانی رکھیں گے، تو آپ کا دِل رَفتہ رَفتہ بدل جائے گا۔ آپ زیادہ کثرت سے اور زیادہ خُلوصِ نِیّت سے دُعا کرنا چاہیں گے۔ اَز راہِ کرم اپنی دُعاؤں کو خریداری کی فہرست جیسا نہ بننے دیں۔ خُداوند کا نُقطہِ نظر آپ کی فانی حِکمت سے بالاتر ہے۔ آپ کی دُعاؤں پر اُس کا ردِ عمل آپ کو دَنگ کر سکتا ہے اور اپنی سوچ آسمانی رکھنے میں آپ کی مُعاونت کرے گا۔

جوزف سمِتھ کے لیے خُداوند کے جواب پر غور کریں جب اُس نے لِبرٹی جیل میں مدد کی اِلتجا کی۔ خُداوند نے نبی کو سِکھایا کہ یہ ظالمانہ واقعات و مُعاملات اُسے تجربہ بخشیں گے اور اُس کے بھلے کے لیے ہوں گے۔۱۴ ”اور اگر تُو اُسے خُوب برداشت کرے گا،“ خُداوند نے وعدہ فرمایا، ”تو خُدا تُجھے عالمِ بالا میں سرفراز کرے گا۔“۱۵ خُداوند جوزف کو اُس کی سوچ آسمانی رکھنے اور زمانے کی کرب ناک مُشکلات پر توجّہ مرکُوز کرنے کی بجائے اَبَدی اَجر کا تصوّر کرنا سِکھا رہا تھا۔ ہماری دُعائیں ہمارے آسمانی باپ کے ساتھ—فعال بات چیت ہو سکتیں—اور ہونی بھی چاہئیں۔

جب آپ اپنی سوچ آسمانی رکھتے ہیں، تو آپ اَیسی ہر چیز سے پرہیز کریں گے جو آپ کی مُختاری کو چھین سکتی ہے۔ کوئی بھی لَت—جیسے کہ گیمنگ، جُوا، قرض، نشہ، شراب نوشی، غُصہ، فُحش نِگاری، ناجائز جِنسی تعلقات، یا حتیٰ کہ خوراک بھی—خُدا کو غصہ دلاتی ہے۔ کیوں؟ کیوں کہ آپ کی جُنونی عادت آپ کا جُھوٹا خُدا بن جاتی ہے۔ آپ تسلّی و اِطمینان کے لیے، خُدا کو دیکھنے کی بجائے اِسے دیکھتے ہیں۔ اگر آپ نشے کی لَت میں مُبتلا ہیں، تو ضرُوری رُوحانی اور پیشہ ورانہ مدد کے طالِب ہوں۔ براہِ کرم کسی جُنونی عادت کو خُدا کے پُروقار منصُوبے پر عمل کرنے کی اپنی آزادی کو چھیننے نہ دیں۔

اپنی سوچ آسمانی رکھنے سے آپ کو پاک دامنی کے قانُون کی فرماں برداری کرنے میں بھی مدد مِلے گی۔ اِس اِلہٰی قانُون کی خِلاف ورزی کسی بھی چیز سے زیادہ آپ کی زندگی کو تیزی سے پیچیدہ بنا دے گی۔ اُن کے لیے جنھوں نے خُدا کے ساتھ عہُود باندھے ہیں، آپ کی گواہی کو فَنا کرنے کے تیز ترین طریقوں میں سے ایک جِنسی بے راہ روی ہے۔

دُشمن کی بہت سی بے رَحم آزمایشوں میں اِخلاقی پاکیزگی کی خِلاف ورزی شامِل ہے۔ زندگی تخلیق کرنے کی قُدرت اِلہٰی ایک شَرف ہے جسے آسمانی باپ اپنے فانی بچّوں کو اِستعمال کرنے کی اِجازت دیتا ہے۔ پَس، خُدا نے اِس زندہ، اِلہٰی قُدرت کو اِستعمال کرنے کے لیے واضح ہدایات طے کی ہیں۔ جِسمانی قُربت صِرف ایک مرد اور ایک عورت کے لیے واجب ہے جو ایک دُوسرے سے بیاہے ہوں۔

زیادہ تر دُنیا اِس پر یقین نہیں کرتی، مگر رائے عامہ سچّائی کی تصدیق نہیں ہے۔ خُداوند نے اِعلان کِیا ہے کہ کوئی بھی نَجِس شخص سیلیسٹیئل بادشاہی حاصِل نہیں کر پائے گا۔ پَس جب آپ ضابطہِ اخلاق کی بابت فیصلے کرتے ہیں، تو براہِ کرم اپنی سوچ آسمانی رکھیں۔ اور اگر آپ ناپاک ہیں، تو مَیں آپ سے توبہ کرنے کی مِنت کرتا ہُوں۔ جب آپ اپنے گُناہوں سے پُوری طرح توبہ کرتے ہیں تو مسِیح کے پاس آئیں اور اُس کی مُکمل مُعافی کا وعدہ پائیں۔۱۶

جب آپ اپنی سوچ آسمانی رکھتے ہیں، تو آپ اِمتحانات اور مُخالفت کو ایک نئے زاویے سے دیکھیں گے۔ جب کوئی شخص جسے آپ پیار کرتے ہیں سچّائی پر حملہ آور ہوتا ہے، تو اپنی سوچ آسمانی رکھیں، اور اپنی گواہی پر اُنگلی نہ اُٹھائیں۔ پولُس رسُول نے نبُوت کی کہ ”آیندہ زمانوں میں بعض لوگ گُمراہ کرنے والی رُوحوں اور شیاطین کی تعلیموں کی طرف مُتوجّہ ہو کر اِیمان سے برگشتہ ہو جائیں گے۔“۱۷

دُشمن کی فریبی چالوں کی کوئی اِنتہا نہیں ہے۔ براہِ مہربانی تیار رہیں۔ بے اِیمان لوگوں سے کبھی مشورت نہ کریں۔ اُن صداؤں سے ہدایت کے طلب گار ہوں جن پر آپ بھروسا کر سکتے ہیں—یعنی نبی، رویا بین، اور مُکاشفہ بین اور رُوح القُدس کی سرگوشیاں جو، ”تُمھیں وہ سب باتیں بتائیں گے جو تُمھیں کرنی ہیں۔“۱۸ اَز راہِ کرم شخصی مُکاشفہ پانے کی اپنی صلاحیت میں اِضافہ کرنے کے لیے رُوحانی اُمُور انجام دیں۔۱۹

جب آپ اپنی سوچ آسمانی رکھیں گے، تو آپ کا اِیمان تقویت پائے گا۔ جب مَیں زیرِ تربیت نوجوان تھا، تو میری ماہانہ کمائی 15 ڈالر تھی۔ ایک رات، میری بیوی ڈینزل نے پُوچھا کہ کیا مَیں اِس معمُولی وظیفے پر اپنی دَہ یکی اَدا کر رہا ہُوں۔ مَیں نہیں دے رہا تھا۔ مَیں نے فوراً توبہ کی اور ماہانہ دَہ یکی میں اِضافی 1.50 ڈالر اَدا کرنا شُروع کر دِیے۔

کیا ہماری دَہ یکی بڑھانے سے کلِیسیا میں کسی قسم کا کوئی بدلاؤ آیا؟ بِلاشُبہ نہیں۔ البتہ، پُوری دَہ یکی اَدا کرنے سے مَیں بدل گیا۔ تب مَیں نے سیکھا کہ دَہ یکی دینا کُلی طور پر اِیمان کی بات ہے، پیسے کی نہیں۔ جب مَیں پُوری دَہ یکی دینے والا بن گیا، تو آسمان کے دریچے میرے لیے کُھلنے لگے۔ مَیں بعد ازاں کئی پیشہ ورانہ مواقعوں کو دَہ یکی کی وفادار ادائیگی سے منسُوب کرتا ہُوں۔۲۰

دَہ یکی اَدا کرنے کے لیے اِیمان دَرکار ہوتا ہے، اور یہ خُدا اور اُس کے پیارے بیٹے پر ہمارے اِیمان کو بھی تعمیر کرتی ہے۔

جِنسی ہوس ناک، سیاست زدہ دُنیا میں راست زندگی بسر کرنے کا انتخاب اِیمان کی تعمیر کرتا ہے۔

ہَیکل میں زیادہ وقت گُزارنے سے اِیمان تعمیر ہوتا ہے۔ اور ہَیکل میں آپ کی خِدمت اور عِبادت اپنی سوچ آسمانی رکھنے میں آپ کی مُعاونت کریں گی۔ ہَیکل مُکاشفہ پانے کا مقام ہے۔ وہاں آپ کو بتایا جاتا ہے کہ سیلیسٹیئل زندگی کی جانب کیسے پیشرَفت کرنی ہے۔ وہاں آپ نجات دہندہ کے قریب تر ہو جاتے اور اُس کی قُدرت تک زیادہ رسائی پاتے ہیں۔ وہاں آپ کو اپنی زندگی کے مسائل، حتیٰ کہ آپ کے اِنتہائی پریشان کُن مسائل کو حل کرنے کی ہدایت دی جاتی ہے۔

ہَیکل کی رُسُوم اور عہُود اَبَدی اہمیت کے حامِل ہیں۔ ہم اِن مُقدّس اِمکانات کو آپ میں سے ہر ایک کی زندگیوں میں حقیقت بنانے کے لیے مزید ہَیکلیں تعمیر کرنا جاری رکھیں گے۔ ہم درج ذیل ۲۰ مقامات پر ہَیکَل تعمیر کرنے کا اِعلان کرنے کے لیے مشکُور ہیں:

  • سوائی، سمووا

  • کانکُون، میکسیکو

  • پِیورا، پیرُو

  • وان کاؤ، پیرُو

  • وِنا دَل مَر، چِلی

  • گوئی یانیا، برازیل

  • یون پسووا، برازیل

  • کالیبا، نائجیریا

  • کیپ کوسٹ، گھانا

  • لُوآنڈا، انگولا

  • مبُوجی مائی، عوامی جمہوریہ کانگو

  • لوآگ، فلپائن

  • اوساکا، جاپان

  • کاہُولوئے، ماوی، ہوائے

  • فےبینگکس، الاسکا

  • وینکُوور، واشنگٹن

  • کولاراڈو سپرنگس، کولاراڈو

  • ٹلسا، اوکلاہوما

  • رواَنوک، ورجینیا

  • اُولنبٹو، منگولیا

خُداوند ہمیں ہدایت دے رہا ہے کہ ہم اِن ہَیکلوں کی تعمیر کریں تاکہ ہمیں اپنی سوچ آسمانی رکھنے میں مُعاونت مِل سکے۔ خُدا زِندہ ہے۔ یِسُوع ہی المسِیح ہے۔ خُدا کی تمام اولاد کو برکت دینے کے واسطے اُس کی کلِیسیا بحال کی گئی ہے۔ پَس مَیں یہ گواہی یِسُوع مسِیح کے مُقدّس نام پر دیتا ہُوں، آمین۔

حوالہ جات

  1. دیکھیں یُوحنّا ۶:‏۳۸۔

  2. ایلما ۷:‏۱۱۔

  3. دیکھیں ایلما ۷:‏۱۲۔

  4. عقائد اور عہُود ۱۹:‏۱۸۔

  5. ۲ نِیفی ۹‏:۴۰۔

  6. ۲ نیفی ۲۸:‏۷۔

  7. یہاں توبہ کرنا اور رُوحانی طور پر ترقی کرنا آسان ثابت ہو سکتا ہے، جب کہ ہماری رُوح ہمارے جِسم کے ساتھ مُتحد ہے، اگلے جہان کے مُقابلے میں مرنے اور جی اُٹھنے کے وقت کے درمیان میں۔ جیسا کہ امیولک نے برگشتہ ضورامیوں کو سِکھایا کہ، ”یہ زندگی … خُدا سے مُلاقات کی تیاری کا وقت ہے“ (دیکھیں ایلما ۳۴‏:۳۲–۳۵

  8. ۲ نِیفی ۹‏:۳۹۔

  9. دیکھیں مُضایاہ ۴‏:۳۰، جہاں بنیامین بادشاہ اپنی قوم کو نصیحت کرتا ہے کہ، ”اگر تُم اپنے آپ پر، اور اپنے خیالات پر اور اپنے کلام پر، اور اپنے اعمال پر پَہرہ نہیں دیتے … اور خُدا کے حُکموں کو نہیں مانتے، اپنے مرنے تک اِیمان نہیں لاتے … تو پھر یقیناً تُم ہلاک ہوگے۔“

  10. عقائد اور عہُود ۱۳۲‏:۷؛ تاکید شامل ہے۔

  11. بلا شُبہ، آپ کی مُختاری کسی دُوسرے کی مُختاری اور مُمکنہ نتائج کو مغلُوب نہیں کر سکتی۔ مَیں اپنے والدین کے ساتھ مُہربند ہونے کو بے تاب تھا تاہم، مُجھے اُس وقت تک انتظار کرنا پڑا جب تک کہ اُںھوں نے 80 سال سے زائد عمر کو پُہنچ کر ودیعت پائی تھی۔ پھر وہ شوہر اور بیوی کی حیثیت سے مُہربند ہُوئے، اور ہم بچّے اُن کے ساتھ مُہربند ہُوئے۔

  12. صحائف بار بار گواہی دیتے ہیں کہ اَبَدی زندگی کا اِنعام صِرف مُنّجی یِسُوع مسِیح کی صفات، رَحم، اور فضل کے وسیلے مُمکن ہے (دیکھیں، مِثال کے طور پر، مرونی ۷‏:۴۱؛ مزید دیکھیں ۲ نیفی ۲‏:۶–۸، ۲۷

  13. دیکھیں ۲ نیفی ۲:‏۱۱۔

  14. دیکھیں عقائد اور عہُود ۱۲۲:‏۷۔

  15. عقائد اور عہُود ۱۲۱:‏۸۔

  16. دیکھیں یسعیاہ ۱:‏۱۶–۱۸؛ عقائد اور عہُود ۵۸‏:۴۲–۴۳۔

  17. ۱ تیمتھیس ۴‏:۱۔ اگلی آیت کہتی ہے، ”جُھوٹے آدمیوں کی رِیاکاری کے باعث ہو گا؛ جن کا دِل گویا گرم لوہے سے داغا گیا ہے“ (آیت ۲)۔ پولُس یہ بھی اِعلان کرتا ہے کہ وہ سب ”جو مسِیح یِسُوع میں دین داری سے ساتھ زندگی گُزارنا چاہتے ہیں وہ سب ستائے جائیں گے“ (۲ تیمتھیس ۳‏:۱۲

  18. ۲ نیفی ۳۲:‏۵؛ تاکید اضافی ہے۔ اگر ہم مانگیں گے تو ہم ”مُکاشفہ پر مُکاشفہ، عِلم پر عِلم پائیں گے“ (عقائد اور عہُود ۴۲:‏۶۱

  19. دیکھیں صدر رسل ایم نیلسن، ”کلِیسیا کے لیے مُکاشفہ، ہماری زندگیوں کے لیے مُکاشفہ،“ لیحونا، مئی ۲۰۱۸، ۹۶۔

  20. اِس کا (یہ حقیقت کہ صدر نیلسن کو دَہ یکی دینے کے بعد پیشہ ورانہ مواقع مِلے) یہ مطلب نہیں ہے کہ براہِ راست وجہ اور اَثر رُونُما ہو۔ بعض لوگ جو کبھی دَہ یکی نہیں دیتے پیشہ ورانہ مواقع حاصِل کرتے ہیں، جب کہ کُچھ لوگ جو دَہ یکی اَدا کرتے ہیں مگر مواقع نہیں پاتے۔ وعدہ یہ ہے کہ دَہ یکی دینے والوں کے لیے آسمان کے دریچے کھولے جائیں گے۔ برکات کی نوعیت فرق ہوگی۔