مجلسِ عامہ
مسِیح میں خُوشی پانا
مجلسِ عامہ اکتوبر ۲۰۲۰


مسِیح میں خُوشی پانا

اِس زندگی میں خوشی پانے کا یقینی ترین راستہ دُوسروں کی مدد کرنے میں مسِیح کے ساتھ شامل ہونا ہے۔

خُداوند ہمارے ہارونی کہانتی نوجوانان کو ہر کام کرنے کے لئے نہیں کہتا ہے، لیکن اُن سے اُس کا مطالبہ حیرت انگیز ہے۔

چند برس قبل، ہمارے چھوٹے خاندان نے وہ سہا جس کا سامنا اِس گری ہوئی دُنیا میں بہت سے خاندان کرتے ہیں۔ ہمارے سب سے چھوٹے بیٹے، ٹینر کرسچن لنڈ، کو سرطان کا مرض لاحق ہو گیا۔ وہ نو سالہ بچوں کے موافق، ایک شاندار رُوح تھی۔ وہ مزاحیہ طور پر شرارتی اور ساتھ ہی ساتھ روحانی طور پر باشعور تھا۔ عفریت و فرشتہ، شرارتی و عمدہ۔ جب وہ چھوٹا تھا اور ہم دونوں کو اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور شرارتوں سے آئے روز حیران کیے رکھتا تھا، ہم حیرت زدہ تھے کہ کیا وہ بڑا ہو کر نبی بنے گا یا بینک ڈکیت۔ کسی بھی صورت میں، ایسا لگتا تھا کہ وہ جہان پر نقش چھوڑے گا۔

اور پھر اچانک وہ شدید علیل ہو گیا۔ آئندہ تین سال، جدید علمِ طب کی بدولت دلیرانہ اقدامات اُٹھائے گئے، جن میں دو انتقالِ بون میرو (گودا) بھی شامل ہیں، جس کے دوران اُسے نمونیا ہو گیا، جس کے باعث اُسے ۱۰ ہفتے ونٹیلیٹر پر بے ہوش رہنا پڑا۔ معجزانہ طور پر، وہ مختصر عرصہ کے لیے صحت یاب ہو گیا، مگر، پھر اُس کا سرطان لوٹ آیا۔

اُس کے رحلت فرما جانے سے تھوڑا عرصہ قبل، ٹینر کی بیماری اُس کی ہڈیوں پر حملہ آور ہو چُکی تھی، اور حتٰی کہ درد کی قوی ادویات کے باوجود، اُسے پھر بھی تکلیف ہوتی تھی۔ وہ بستر سے بمشکل اُٹھ سکتا تھا۔ اِتوار کی ایک صُبح، اُس کی ماں کئلین، خاندان کے چرچ کے لیے نکلنے سے قبل اُسے دیکھنے کے لیے اُس کے کمرے میں گئی۔ وہ یہ دیکھ کر حیران تھی کہ وہ کسی طرح اپنا لباس تبدیل کر چُکا تھا اور، اپنی قمیض کے بٹن بند کرنے کے لیے درد ناک طور پر کوشش کر رہا تھا۔ کیلین اُس کے پاس نیچے بیٹھ گئی۔ ”ٹینر،“ اُس نے پوچھا، ”کیا آپ کو یقین ہے کہ آپ چرچ جانے کے لیے اتنے مضبوط ہو؟ شاید آج آپ کو گھر پر ہی رہنا اور آرام کرنا چاہیے۔“

وہ فرش کو دیکھتا رہا۔ وہ ڈیکن تھا۔ اُس کی جماعت تھی۔ اور اُس کی ذمہ داری تھی۔

”آج مجھے عشاے ربانی تقسیم کرنی ہے۔“

”خیر، مجھے یقین ہے کوئی دوسرا آپ کی جگہ یہ کرسکتا ہے۔“

”ہاں،“ اُس نے کہا، ”مگر … میں دیکھتا ہوں جب میں عشائے ربانی تقسیم کرتا ہوں تو لوگ مجھے کیسے دیکھتے ہیں۔ میرا خیال ہے ایسا کرنا اُن کی مدد کرتا ہے۔“

لہذا کیلئن نے اُس کی قمیض کے بٹن لگانے اور اُس کی ٹائی باندھنے میں مدد کی، اور وہ چرچ چلے گئے۔ واضح طور پر کچھ نہایت اہم وقوع پذیر ہو رہا تھا۔

میں ایک پہلی میٹنگ سے چرچ آیا تھا اور یوں ٹینر کو ڈیکنوں کی قطار میں بیٹھے دیکھ کر حیران ہوا۔ کئلین نے آہستگی سے مجھے بتایا وہ وہاں کیوں تھا اور اُس نے کیا کہا تھا: ”ایسا کرنا لوگوں کی مدد کرتا ہے۔“

اور یوں، میں نے دیکھا، جب ڈیکن عشائے ربانی کی میز کی طرف بڑھے۔ اُس نے دھیرے سے ایک دُوسرے ڈیکن کے ساتھ ٹیک لگائی جب کاہنوں نے اُنہیں روٹِی کی ٹرے تھمائیں۔ اور پھر ٹینر اپنی مقرر کردہ جگہ پر گیا اور عشائے ربانی پیش کرتے ہوئے خُود کو سیدھا رکھنے کے لیے بینچ کے کنارے کو پکڑا۔

ایسا لگ رہا تھا کہ چیپل میں ہر آنکھ اُسی پر ٹِکی ہوئی ہے، اُس کی جدوجہد سے متاثر ہوتے ہوئے جب اُس نے اپنا سادہ حصہ ادا کیا۔ کسی طرح ٹینر نے ایک خاموش واعظ پیش کیا جب وہ توقف کرتے ہوئے،—اُس کا گنجا سر پسینے سے شرابور تھا—سنجیدگی کے ساتھ مُنجی کی نمائندگی کرتے ہوئے، صف بہ صف منتقل ہوا، جیسے ڈیکن کرتے ہیں۔ اُس کا کبھی ناقبلِ تسخیر مگر اب یہ کمزور ڈیکن کا جسم جو بذاتِ خُود کچھ زخمی، شکستہ، اور پارہ پارہ تھا، مُنجی کے کفارے کی علامت کو اُٹھائے ہماری زندگیوں میں لے جانے کی خدمت کرتے ہوَئے رضامندی سے تکلیف براشت کر رہا تھا۔

یہ دیکھتے ہوئے کہ اُس نے ڈیکن ہونے کے بارے میں جو سوچا تھا ہمیں بھی—عشائے ربانی کے بارے،—مُنجی کے بارے اور ڈیکنوں اور استادوں اور کاہنوں کے بارے میں مختلف انداز میں سوچنے پر مجبور کیا تھا۔

میں اُس اعجازِ ناقابلِ بیان پر حیران ہوتا ہوں جس نے اُسے اُس صبح خدمت کرنے کی خاموش دھیمی بُلاہٹ کا جواب دینے پر مجبور کیا اور جو ہمارے سبھی ابھرتے ہوئے نوجوانوں کی طاقت اور صلاحیتوں کے بارے میں مختلف انداز میں سوچنے پر مجبور کرتا ہے جب وہ خُدا کی بٹالین میں داخلہ لینے اور کارِ نجات و سرفرازی میں شامل ہونے کے لئے نبی کی کسی بھی بُلاہٹ کا جواب دینے کے لئے خود کو مجبور کرتے ہیں۔

ہر بار جب ایک ڈیکن عشائے ربانی کی ٹرے اُٹھاتا ہے، ہمیں مُقدس آخری کھانے، گتسمنی، کلوری، اور باغ میں قبر کی کہانی یاد دِلائی جاتی ہے۔ جب مُنجی نے اپنے رسولوں سے فرمایا، ”میری یادگاری کے لیے یہ ہی کیا کرو“ ۱ وہ زمانوں سے ہم میں سے ہر ایک سے بھی ہمکلام تھا۔ وہ اُس دائمی اعجاز کی بات رہا تھا جو وہ مہیا کرے گا جب مستقبل کے ڈیکن، استاد، اور کاہن اُس کی علامت پیش کریں گے اور اُس کے بچوں کو اُس کی کفارہ دینے والی نعمت کو قبول کرنے کی دعوت دیں گے۔

عشائے ربانی کی تمام تر علامات ہماری توجہ اُس تحفہ کی جانب مبذول کرواتی ہیں۔ ہم اُس روٹی پر جو اُس نے توڑی—اور بدلے میں، اب ہمارے سامنے کاہن جو روٹی توڑتے ہیں اُس پر غور کرتے ہیں۔ ہم اُس تقدیس شدہ مائع، اب اور تب، کے بارے سوچتے ہیں جیسے عشائے ربانی کی دُعا کے الفاظ سنجیدگی سے نوجوان کاہنوں کے منہ سے نکل کر ہمارے دِلوں اور آسمان سے گزرتے ہیں، عہود کی تجدید کرتے ہوئے جو مسِیح کی قوتِ نجات سے ہمیں منسلک کرتے ہیں۔ ہم اُس بارے سوچ سکتے ہیں کہ اِس کا کیا مطلب ہے جب ڈیکن مُقدس علامات کو ہمارے پاس لاتا ہے، جیسے وہ وہاں کھڑا ہوتا ہے جہاں یِسُوع کھڑا ہوتا اگر وہ وہاں ہوتا، ہمارے بوجھ اُٹھانےاور ہمارے درد سہنے کی پیشکش کرتے ہوئے۔

خوش قسمتی سے، نوجوان مرد و خواتین کو مُنجی کی خدمت کے مقصد اور لطف کو دریافت کرنے کے لیے بیمار ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

بزرگ ڈیوڈ اے بیڈ نار نے سِکھایا ہے کہ فروغ پانے اور جیسے مبلغین ہیں ویسا بننے کے لیے، ہمیں وہ کرنا چاہیے جو مبلغین کرتے ہیں اور پھر، ”سطر بہ سطر اور تعلیم بہ تعلیم … [ہم] بتدریج … جیسے مُنجی توقع رکھتا ہے ویسے مبلغین بن سکتے ہیں۔“ ۲

اسی طرح، اگر ہم ”یِسُوع کی مانند بننے،“ ۳ کی خواہش کرتے ہیں ہمیں وہ کرنا چاہیے جو یِسُوع کرتا ہے، اور ایک حیران کن فقرے میں، خُداوند نے وضاحت کی ہے کہ وہ کیا کرتا ہے: اُس نے فرمایا، ” میرا کار اور جلال یہ ہے—کہ اِنسان کی لافانی اور اَبدی زندگی کا سبب پیدا کروں۔“ ۴

مُنجی کا مقصد اپنے آسمانی باپ کی، اُس کے بچوں کی ہمیشہ خدمت کرتے ہوئے خدمت کرنا رہا ہے اور رہے گا۔

اور اِس زندگی میں خوشی پانے کا یقینی ترین راستہ دُوسروں کی مدد کرنے کے لیے مسِیح کے ساتھ شامل ہونا ہے۔

یہ وہ سادہ سچائی ہے جس نے بچّوں اور نوجوانان کے پروگرام کا الہام بخشا۔

بچوں اور نوجوانوں کے پروگرام کی تمام تر سرگرمیاں اور بچوں اور نوجوانان کی تمام تعلیمات نوجوان لوگوں کو یِسُوع کی مانند بننے سے متعلق مدد دیتی ہیں جب وہ اُس کے ساتھ کارِ نجات و سرفرازی میں شامل ہوتے ہیں۔

بچے اور نوجوانان کا پروگرام پرائمری کے ہر بچے اور نوجوان کو شاگردی میں فروغ پانے اور ایمان سے معمور بصیرت پانے میں مدد دینے کا آلہ ہے کہ خُوشی کا راستہ کیا نظر آتا ہے۔ وہ راہِ عہد پر راستے کی قیام گاہوں اور نشانیوں کے متلاشی ہونا سیکھنے کی توقع کر سکتے ہیں، جہاں وہ بپتسما اور رُوحُ القُدس کی نعمت سے استحکام پائیں گے اور جلد ہی کورموں اور انجمنِ دختران کی جماعتوں سے تعلق رکھیں گے، جہاں وہ پے در پے مسِیح کی مانند اعمالِ خدمت سر انجام دے کر دوسروں کی مدد کرنے کی خوشی محسوس کریں گے۔ وہ چھوٹے بڑے، مقاصد کا تعین کریں گے، جو اُن کی زندگیوں میں توازن لائیں گے جب وہ مزید مُنجی کی مانند بنتے ہیں۔ برائے مضبوطیِ نوجوانان مجالس اور رسائل، دوست، اور گاسپل لیونگ اپلیکیشن اُن کی مسِیح پر مرکوز خُوشی پانے میں مدد کریں گی۔ وہ محدود استعمال کے اجازت نامہِ ہیکل رکھنے کی برکات کی توقع کریں گے، اور بہت سے رُوحُ القُدس کے اثر کے ذریعے ایلیاہ کے رُوح کو محسوس کریں گے جب وہ ہیکل اور خاندانی تاریخ کی برکات کا تعاقب کریں گے۔ وہ مبشرانہ برکات سے راہ نمائی پائیں گے۔ وقت کے ساتھ، وہ خُود کو، ہیکلوں میں طاقت سے ودیعت اور وہاں خُوشی پانے کے لیے جاتا ہوا دیکھیں گے چونکہ وہ ابدی طور پر، اور چاہے کچھ بھی ہو، اپنے خاندانوں کے ساتھ منسلک ہیں۔

وبا اور تباہی کے خلاف، بچے اور نوجوانان کے نئے پروگرام سے بھر پور طور پر فیض یاب ہونا ابھی کارِ جاری ہے—مگر اِس میں تیزی کی ضرورت ہے۔ ہمارے نوجوان دُنیا کے بذات خُود ٹھیک ہونے کا انتظار نہیں کر سکتے اِس سے پہلے کہ وہ مُنجی کو جانیں۔ حتٰی کہ اب بھی چند ایک ایسے فیصلے کر رہے ہیں جو وہ نہیں کریں گے اگر وہ اپنی—اور اُس کی حقیقی پہچان سمجھتے ہوں۔

اور یوں خدا کے لشکر میں غیرمعمولی تربیت کی فوری بُلاہٹ ہے، ”ہر کوئی ہاتھ بٹائے!“

والدہ اور والد صاحبان، آپ کے بیٹوں کو آج اُتنی ہی جذباتی طور پر آپ کی حمایت کی ضرورت ہے جتنی آپ نے کبھی بھی کی ہے جب وہ بیجز اور پنز جیسی کم اہمیت کی چیزوں کے متعلق متفکر تھے۔ والدہ اور والد صاحبان، کہانتی اور انجمنِ دختران کے راہ نماؤں، اگر آپ کے نوجوانان مشکل میں ہیں، پروگرام برائے بچے اور نوجوانان اُنہیں مُنجّی کے پاس آنے میں مدد دے گا، اور مُنجّی اُنہیں اطمینان دِلائے گا۔ ۵

کورم اور جماعتی صدارتیں، آگے بڑھیں اور کارِ خُداوند میں اپنا حق بجانب مقام لیں۔

اُسقف صاحبان، اپنی کنجیوں کو اُن صدور کورم سے مربوط کریں، اور آپ کے کورم—اور آُپ کے حلقے—سدا کے لیے بدل جائیں گے۔

اور آپ اُبھرتی ہوئی نسل کو، میں گواہی دیتا ہوں، وہ جو جانتا ہے، کہ آپ خُدا کے محبوب بیٹے اور بیٹیاں ہیں اور اُس کے پاس آپ کے کرنے کے لیے ایک کام ہے۔

جب آپ اپنے مقامات کی عظمت کے لیے، اپنے سارے دِل، جان، ذہن اور قوت سے اُٹھیں گے، آپ خُدا سے محبت کرنے لگیں گے اور اپنے عہود پر قائم رہیں گے اور اُس کی کہانت پر بھروسہ کریں گے جب آپ دُوسروں کی خدمت کے لیے، اپنے گھروں سے آغاز کرتے ہوئے کام کریں گے۔

میں دُعا گو ہوں کہ آپ اِس وقت کی اہل دوگنی توانائی کے ساتھ، ہر روز خدمت کرنے، اعتماد کرنے، توبہ کرنے، اور بہتری لانے کی سعی کریں گے، ہیکل کی برکتوں اور دیرپا خوشی حاصل کرنے کے اہل ہوں گے جو صرف یِسُوع مسِیح کی انجیل کے ذریعہ ملتی ہیں۔ میں دُعا گو ہوں کہ یِسُوع مسِیح کے حقیقی شاگرد ہونے کے ناطے آپ بالاآخر وہ جانفشان مبلغ، وفادار شوہر یا بیوی، مُحب ماں اور باپ بننے کے لیے تیار ہوں گے کہ جس کا آپ سے وعدہ کیا گیا ہے۔

کاش آپ سب کو مسِیح کے پاس آنے اور اُس کے کفارے کی برکات حاصل کرنے کے لیے مدعو کرتے ہوئے مُنجی کی دوبارہ آمدِ کے لیے دُنیا کو تیار کرنے میں مدد کریں۔ یِسُوع مسِیح کے نام پر آمین۔

حوالہ جات

  1. لوقا ۲۲: ۱۹۔

  2. ڈیوڈ اے بیڈنار، ”مبلغ بننا،“ لیحونا، نومبر ۲۰۰۵، ۴۶۔

  3. ’’میں یِسُوع کی مانند بننے کی کوشش کر رہاہوں؛ میں اُس کے اطوار کی پیروی کر رہاہوں۔ میں اُس جیسی محبت کرنے کی کوشش کر رہا ہوں، اپنے کلام اور اعمال میں “(’’I’m Trying to Be like Jesus،‘‘ بچوں کے گیتوں کی کتاب، ۷۸–۷۹)۔

  4. موسیٰ ۱: ۳۹۔

  5. میں ذاتی طور پر ہماری پوری تاریخ کے اُن سرشار والدین اور راہ نماؤں کی تعریف کرتا ہوں جنہوں نے نہایت دلیری سے نوجوانوں کی ترقی کے تجربے میں مدد کی ہے۔ میں تسلیم کرتا ہوں کہ بچّوں اور نوجوانوں کی نئی کوششیں پہلے رونما ہونے والی ہر سرگرمی اور کامیابی کے پروگرام کی مرہونِ منت ہیں۔