مجلسِ عامہ
مسِیح کی تعلِیم پر اِعتقاد کرنا
مجلسِ عامہ اپریل ۲۰۲۳


مسِیح کی تعلِیم پر اِعتقاد کرنا

اپنے گھرانوں کو مسِیح کے عہد کے رِشتے کی بُنیاد پر تعمیر کرتے ہوئے، ہم مسِیح کی تعلِیم پر اِعتقاد کا اِظہار کرتے ہیں۔

اپنی چشمِ فراست سے، مَیں اپنی میز پر عُمر رسِیدہ نِیفی نبی کو دیکھتا ہُوں، اُس کے سامنے سونے کی اَوراق پھیلے ہُوئے ہیں، اُس کا نوک دار قلم ہاتھ میں ہے۔

نِیفی روئداد پر اپنی آخِری کُندہ کاری مکمل کرنے کے عمل میں تھا۔ اُس نے مرقُوم کِیا، ”اور اب، میرے پیارے بھائیو، مَیں اپنے فرمودات کو ختم کرتا ہُوں۔“۱ بلکہ بُہت جلد، رُوح نے نِیفی کو اپنی روئداد میں آخِری پیغام کو قلم بند کرنے کی تاکِید فرمائی۔ رُوحُ القُدس کی پُرزور تاثِیر کے تحت، اُس عظِیم نبی نے اپنا نوک دار قلم اپنے ہاتھ میں لِیا اور لِکھا، ”پَس، جو باتیں … مَیں لِکھ چُکا ہُوں وہ میرے لِیے کافی ہیں، صِرف چند باتوں کے عِلاوہ … مسِیح کی تعلیم کی بابت ہیں جِن کا ذِکر کرنا ضرُوری ہے۔“۲

ہم اُن ”چند باتوں“۳ کے لیے اور اُس رُوح کے لیے کِس قدر دائمی طور پر شُکر گُزار ہیں جِس نے نِیفی کو لِکھنے کی تاکِید فرمائی۔ مسِیح کی تعلیم پر نِیفی کا مقدمہ اُن لوگوں کے لیے خزانہ ہے جو اِس پر ضیافت مناتے ہیں۔ اِس میں نجات دہندہ کے بپتِسما۴ اور بیٹے کے آوازہ کی رویا ہے جو سب کو اُس کی تقلِید کرنے کی دعوت دیتی ہے۵ کہ ”وہ کام کریں جو [ہم نے] [اُس کو] کرتے دیکھا ہے۔“۶ اِس میں نِیفی کی گواہی ہے کہ جو لوگ، مسِیح پر اِیمان کے ساتھ، اپنے گُناہوں سے خلُوصِ نِیّت سے تَوبہ کرتے اور بپتِسما کے پانیوں میں نجات دہندہ کی تقلِید کرتے ہیں وہ ”رُوحُ القُدس پائیں گے؛ ہاں، اِس کے بعد آگ اور رُوحُ القُدس کا بپتِسما۔“۷ ہم آسمانی باپ کی قلم بند کی گئی آواز کو بھی سُنتے ہیں: ”ہاں، میرے المحبوب کی باتیں سچّ اور برحق ہیں۔ وہ جو آخِر تک برداشت کرے گا وہ نجات پائے گا۔“۸

صدر رسل ایم نیلسن نے نئے بُلائے گئے تبلِیغی قائدین کے ساتھ گُفت گُو کے دوران میں مسِیح کی تعلیم کی واحد اہمیت پر زور دیا تھا: ”ہر شَے سے بڑھ کر، ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے مُبلغِین … مسِیح کی تعلیم کو اپنے دِلوں پر کھود لیں—اپنی … ہڈیوں کے گُودے تک۔“۹

میری اِنجِیل کی مُنادی کرو مسِیح کی تعلیم کے پانچ اہم ستُونوں کا خُلاصہ پیش کرتی ہے۔ جو کُچھ یُوں ہے، ”[ہم] یِسُوع مسِیح پر اِیمان اور اُس کے کَفارہ اور تَوبہ، بپتِسما، رُوحُ القُدس کی نعمت پانے، اور آخِر تک برداشت کرنے کے ذریعے سے بحال شُدہ اِنجِیل پانے میں مدد کر کے دُوسروں کو مسِیح کے پاس آنے کی دعوت دیتے ہیں۔“۱۰

لیکن مسِیح کی تعلیم کی اہمیت صِرف مُبلغِین کے لیے نہیں ہے! اور یہ اُس کے پانچ اہم پہلوؤں کے خلاصہ کی محض دُہرائی سے کہیں زیادہ وسِیع و رفِیع ہے۔ یہ اِنجِیل کے قانُون کا اَحاطہ کرتی ہے. یہ اَبدی زِندگی کے واسطے عظیم منصُوبہ ہے۔

بھائیو اور بہنو، اگر ہم صدر نیلسن کی دعوت کو قبُول کرنا چاہتے ہیں تو مسِیح کی تعلیم کو اپنی ہڈیوں کے گودے تک پُہنچانا ہوگا، تو اِس کے لیے ہمیں مُطالعہ، دُعا، اور وفادار زندگی بسر کرنے اور جاری و ساری توبہ کے ذریعے خُداوند کے واسطے اپنی تبدیلی کو گہرا کرنا ہے۔ ہمیں مسِیح کی تعلیم کو ”[ہمارے] گوشت کی یعنی دِل کی تختِیوں پر“۱۱ کھودنے کے لیے رُوحُ القُدس کو دعوت دینا ہوگی اُسی شدِت سے اور اُسی دائمی طریقے سے جِس طرح نِیفی نے سونے کی تختِیوں پر کُندہ کِیا تھا۔

پچھلے اکتوبر، صدر نیلسن نے پُوچھا تھا، ”دُنیا پر غالِب آنے کا کیا مطلب ہے؟“ دیگر باتوں کے ساتھ ساتھ، اُنھوں نے کہا، ”اِس کا مطلب ہے کہ اِنسانوں کے فلسفوں سے زیادہ مسِیح کی تعلیم پر اِعتقاد کرنا۔“۱۲

لفظ اِعتقاد کی تعرِیف اِس طرح کی گئی ہے کہ ”کسِی کی سِیرت، قابلِیت، قُوت، یا کسِی شَے یا شخص کی سچّائی پر یقِینی توکّل۔“۱۳ کہ کوئی یِسُوع مسِیح ہے، اور یہ کہ کُچھ اُس کی تعلِیم ہے۔

پَس دانِستہ طور پر، مسِیح کی تعلِیم پر اِعتقاد ہماری طرزِ زندگی کو کیسے بدلے گا؟

اگر ہم مسِیح کی تعلِیم پر اِعتقاد کرتے ہیں، تو ہم مسِیح پر اِتنا بھروسا کریں گے کہ اُس کے ہر حُکم کے مُطابق زِندگی بسر کریں۔۱۴ ہم زندگی بھر یِسُوع مسِیح کی بابت،۱۵ اُس کی خِدمت، اُس کی تعلیمات، اور اُس کے لامحدُود کفّارے، بَشمُول اُس کے شان دار جی اُٹھنے کے بارے میں مُطالعہ کریں گے۔ ہم اُس کے وعدوں اور اُن تقاضوں کا مُطالعہ کریں گے جِن کی بِنا پر یہ وعدے عطا کیے گئے ہیں۔۱۶ جب ہم مُطالعہ کریں گے، تو ہم خُداوند کے لیے بڑی محبّت سے معمُور ہو جائیں گے۔

اگر ہم مسِیح کی تعلِیم پر اِعتقاد کرتے ہیں، تو ہم ہر روز اپنے آسمانی باپ کے پاس فروتن، اور پوشیدہ دُعا میں رُجُوع کریں گے، جس میں ہم اُس کے بیٹے کی نعمت اور اپنی تمام برکات کے لیے شُکر گُزاری کا اِظہار کر سکتے ہیں۔۱۷ ہم رُوحُ القُدس کی اِلہام بخش رفاقت کے لیے دُعا گو ہو سکتے ہیں۱۸ دُعا کر سکتے ہیں اپنی منشا کو اُس کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے لیے،۱۹ اپنے عہُود پر غور و فِکر کرنے اور اُن پر کاربند رہنے کے عزّم کی تجدید کے واسطے دُعا کر سکتے ہیں۔۲۰ ہم اپنے نبیوں، رویا بیِنوں، اور مُکاشفہ بِینوں کے لیے اپنی محبّت کی تائید اور اِظہار کرنے کے لیے دُعا کر سکتے ہیں؛۲۱ مُعافی کی پاک و صاف کرنے والی قُدرت کے لیے دُعا کریں؛۲۲ اور آزمایش کے خلاف مزاحمت کی قُوت کے لیے دُعا کریں۔۲۳ مَیں آپ کو دعوت دیتا ہُوں کہ دُعا کو اپنی زندگی کی ترجیح بنائیں، خُدا کے ساتھ اپنے اَبلاغ کو بہتر بنانے کے لیے ہر روز طلب گار ہوں۔

اگر ہم مسِیح کی تعلِیم پر اِعتقاد کرتے ہیں، تو ہم دُنیا کی چمک دار چِیزوں کو ایک طرف رکھ دیں گے تاکہ ہم دُنیا کے نجات دہندہ پر توجہ مرکُوز کریں۔۲۴ ہم سوشل میڈیا پر صَرف کیے گئے وقت کو محدُود یا ختم کریں؛ ڈیجیٹل گیمز؛ فضُول، ضرُورت سے زیادہ، یا نامُناسب تفریح؛ اِس دُنیا کے مال و اسباب اور باطل چِیزوں کی کشِش؛ اور کئی دیگر سرگرمیاں جو جھوٹی روایات اور اِنسانوں کے گُم راہ کُن فلسفوں کو جگہ دیتی ہیں۔ فَقط مسِیح ہی میں ہم سچائی اور دیر پا تکمیل پاتے ہیں۔

سچّی تَوبہ۲۵ ہماری زِندگی کا پُرمُسرت۲۶ حِصّہ بن جائے گی—گُناہوں کی مُعافی پانے کے واسطے اورمسِیح کی صُورت کو اپنانے کے واسطے۔۲۷ مسِیح پر اِیمان کے ساتھ توبہ ہمیں مسِیح کے کفّارے تک رسائی بخشتی ہے۔ صدر ڈیلن ایچ اوکس نے سِکھایا ہے کہ جب نجات دہندہ مُعاف کرتا ہے، تو وہ ”[ہمیں] گُناہ سے پاک کرنے سے بُہت زیادہ بڑھ کر کرتا ہے۔ وہ [ہمیں] نئی مضبُوطی بھی بخشتا ہے۔“۲۸ ہم میں سے ہر ایک کو خُدا کے اَحکام ماننے اور اپنی زندگیوں کے اَبدی مقصد کی تکمیل کے واسطے اِس مضبُوطی کی ضرورت ہے۔

یِسُوع اور اُس کی تعلیم میں، ہم قُوت پاتے ہیں۔ اُس نے فرمایا، ”مَیں تُم سے سچّ سچّ کہتا ہُوں، کہ یہ میری تعلِیم ہے، اور جِنھوں نے اِس پر بُنیاد رکھی اُنھوں نے میری چٹان پر بُنیاد رکھی، اور دوزخ کے پھاٹک اُن پر غالِب نہ آئیں گے۔“۲۹

ہم یہ وعدہ وفادار لوگوں کی زندگیوں میں پُورا ہوتے ہُوئے دیکھتے ہیں۔ ایک برس سے تھوڑا زائد پہلے میری ٹرؔیوس اور کیسؔی سے مُلاقات ہُوئی۔ ۲۰۰۷ میں اُن کا بیاہ قانُون کے مُطابق ہُوا۔ اُس وقت ٹرؔیوس کلِیسیا کا رُکن نہیں تھا۔ کیسؔی، نے اگرچہ ایک فعال ایّامِ آخِر گھرانے میں پرورِش پائی تھی، وہ اپنے لڑکپن میں اِیمان سے برگشتہ ہو گئی تھی اور اپنی اصل سے بھٹک گئی تھی۔

۲۰۱۸ میں، ٹرؔیوس کی مُلاقات مُبلغِین سے ہُوئی، اور اُس نے مارچ ۲۰۱۹ میں بپتِسما پایا۔ ٹرؔیوس نے کیؔسی کے لیے مُبلغ کا کِردار ادا کِیا، جِس کو زِندگی بدلنے والی بتدیلی کا احساس بھی ہُوا۔ ستمبر ۲۰۲۰، کو ہَیکل میں اُن کی مُہر بندی ہُوئی۔ بپتِسما کے تقریباً دو سال کے بعد، ٹریؔوس کو بشپ صاحبان کی صدارت میں بُلاہٹ عطا کی گئی۔

ٹرؔیوس کو اَنہونی بیماری ہے جو لگاتار اُس کے اندرونی اعضا میں ٹیومر کے گُچھے بناتی ہے۔ ٹیومرز کو نکالنے کے لیے اُس نے کئی بار سرجری کرائی ہے، لیکن بیماری لاعلاج ہے۔ کئی برس پہلے، ٹریؔوس کو اُس کی زِندگی کی مُہلت ۱۰ سال سے کم بتائی گئی۔

کیؔسی کو آنکھوں کی بِیماری ہے، بُہت اِنوکھی مورُوثی بِیماری جو پُوری بِینائی کے جاتے تک بینائی کے دائرے کو ناقابلِ واپسی سُکیڑتے رہنے کا سبب بنتی ہے۔

کیؔسی نے اپنے مُستقبل کی بابت میرے ساتھ بات کی۔ وہ اُس وقت کے بارے میں سوچ تھی، جو زیادہ دور نہیں تھا، جب وہ بیوہ ہو جائے گی، نابینا، مالی اِمداد کے بغیر، چار بڑھتے ہُوئے بچّوں کی پرورِش کرنے کے لیے وہ تنہا رہ جائے گی۔ مَیں نے کیؔسی سے پُوچھا کہ وہ ایسے تارِیک مُستقبل کو کیسے سنبھال سکے گی۔ وہ پُرسکون انداز میں مسکرائی اور کہنے لگی، ”اِس سے پہلے مَیں اپنی زِندگی میں اِس سے زیادہ خُوش یا زیادہ پُراُمِّید نہیں رہی تھی۔ ہم ہَیکل میں پانے والے وعدوں پر قائم ہیں۔“

ٹرؔیوس اب بشپ ہے۔ دو ماہ قبل اُس کی ایک اور بڑی سرجری ہُوئی تھی۔ لیکن وہ پُراُمِّید اور پُراَمن ہے۔ کیؔسی کی بِینائی خراب ہو گئی ہے۔ اُس کے پاس اب راہ نُما کُتا ہے اور وہ گاڑی چلانے سے قاصِر ہے۔ لیکن وہ مُطمئن ہے، اپنے بچّوں کی پرورش کر رہی ہے، اور اَنجمنِ دُختران کی صدارتِ عامہ میں مُشِیر کی حیثیت سے خِدمت کر رہی ہیں۔

ٹرؔیوس اور کیؔسی چٹان پر اپنا گھر تعمیر کر رہے ہیں۔ ٹرؔیوس اور کیؔسی مسِیح کی تعلیم اور وعدہ پر اِعتقاد کرتے ہیں کہ خُدا ”[اُن کی] تکالیف کو [اُن کے] نفع کے لیے مُقدّس ٹھہرائے گا۔“۳۰ خُدا کے کامِل منصُوبے میں، مسِیح پر اِیمان کے ساتھ تکلیف ہمارے مسِیح میں کامِل بننے کے ساتھ جُڑی ہُوئی ہے۔۳۱ تمثیل میں اُس عقل مند آدمی کی طرح جِس نے اپنا گھر چٹان پر بنایا،۳۲ جب بارش ہوتی ہے، سیلاب آتا ہے، ہَوائیں چلتی ہیں، اور ٹریؔوس اور کیؔسی جو گھر تعمیر کر رہے ہیں، وہ گِرے گا نہیں، کیوں کہ اُس کی بُنیاد چٹان پر رکھی گئی ہے۔۳۳

یِسُوع نے ہماری زِندگیوں میں بارش اور سیلاب اور آندھی کے اَمکان کی بابت نہیں فرمایا؛ اُس نے وثُوق سے کہا کہ طُوفان اُٹھیں گے۔ اِس تمثیل میں غیر مستقل بات یہ نہیں ہے کہ طُوفان آئیں گے یا نہیں بلکہ یہ ہے کہ ہم نے اُس کو سُننے اور عمل پیرا ہونے کی شفیق نصِیحت کا کیا جواب دِیا ہے۔۳۴ بچنے کا کوئی دُوسرا راستا نہیں ہے۔

اپنے گھرانے مسِیح کے عہد کے رِشتے کی بُنیاد پر تعمیر کرتے ہوئے، ہم مسِیح کی تعلِیم پر اِعتقاد کرتے ہیں اور جب ہم اُس کے پاس آتے ہیں، تو اُس کا اَبدی زندگی کا وعدہ ہمارے ساتھ قائم رہتا ہے۔ قَومیں جو مسِیح کی تعلیم پر اِعتقاد کرتی مسِیح میں ثابت قدمی سے آگے بڑھتی اور آخِر تک برداشت کرتی ہیں۔ آسمان کی بادشاہی میں نجات پانے کا کوئی دُوسرا راستا نہیں ہے۔۳۵

مَیں یِسُوع مسِیح کے جی اُٹھنے کی، زندہ حقیقت کی اپنی شخصی گواہی دیتا ہُوں۔ مَیں گواہی دیتا ہُوں کہ خُدا باپ نے دُنیا سے اَیسی محبّت رکھّی کہ اُس نے اپنا اِکلَوتا بیٹا بھیجا تاکہ ہمیں گُناہ سے رہائی دِلائے۳۶ اور ہمیں دُکھوں سے شِفا دے۔۳۷ مَیں گواہی دیتا ہُوں کہ اُس نے ہمارے دَور میں خُدا کے نبی کو بھیجا ہے، یعنی صدر رسل ایم نیلسن، جِس کے وسِیلے سے وہ ہمیں ہدایت دیتا اور ہم کلام ہوتا ہے۔

اپنے پُورے دِل سے، مَیں آپ کو مسِیح کی تعلِیم پر اِعتقاد کرنے کی دعوت دیتا ہُوں، اور مُنجّی کی چٹان پر اپنی زندگیاں تعمیر کریں۔ وہ آپ کو کبھی بھی ناکام نہیں کرے گا۔ یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔